نیلی لائٹس اور فینسی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کو ضبط کرنیکی ہدایت

اپلائیڈ فار رجسٹریشن والی گاڑیوں کا محکمے کی جانب سے جاری لیٹر چیک کیا جائے۔


Staff Reporter April 06, 2013
آج سے کارروائی کا آغاز ہوگا، آئی جی نے چیف سیکریٹری کو لیٹر بھی لکھ دیا، ایڈیشنل آئی جی فوٹو: فائل

ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام شبیر شیخ نے پولیس افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نیلی ریوالونگ لائٹس والی تمام نجی گاڑیوں اور بلااجازت ناموں کے نیلی ریوالونگ لائٹس لگا کر چلنے والی گاڑیوں کے ساتھ ساتھ فینسی نمبر پلیٹس کی حامل گاڑیوں کے خلاف بھی فوری کارروائی کو یقینی بناتے ہوئے انھیں پولیس کی تحویل میں لیا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپلائیڈ فار رجسٹریشن نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کیلیے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی جانب سے جاری کردہ لیٹر لازمی طور پر چیک کیا جائے بصورت دیگر ایسی گاڑیوں کو بھی پولیس کی تحویل میں لے لیا جائے، ترجمان سندھ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر ان کی گاڑیوں کے شیشے رنگین ہیں تو انھیں رضاکارانہ طور پر اتار دیں بصورت دیگر 15 دنوں کے بعد اس ضمن میں سخت مہم کا آغاز کرتے ہوئے ایسی تمام گاڑیوں کو قانونی طور پر پولیس تحویل میں لے لیا جائے گا۔



ترجمان نے مزید کہا کہ سرکاری افسران جنھوں نے اپنی گاڑیوں سے اب تک رنگین شیشے نہیں اتارے ہیں وہ رنگین شیشوں کو اتار دیں کیونکہ مہم کے دوران ان کی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، ترجمان نے مزید کہا ہے کہ آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے سرکاری گاڑیوں کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں 15 دن بعد شروع کی جانیوالی مہم کا ذکر کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ سرکاری گاڑیوں سے بھی رنگین شیشوں کو اتارنے کے احکامات دیے جائیں۔

آئی جی سندھ کے احکامات کی روشنی میں سندھ پولیس کی تمام گاڑیوں سے رنگین شیشے اتار دیے گئے ہیں جبکہ وقت مقرررہ سے قبل اس کام کی تکمیل کے اقدامات بھی جاری ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں