لاہور آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق

فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین ہو سکے گا


ویب ڈیسک March 17, 2018
ابتدائی طور پر آگ شارٹ سرکٹ کے سبب معلوم ہوتی ہے، ایس پی صدر عادل میمن ؛ فوٹوفائل

واپڈا ٹاؤن میں گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی بچوں سمیت ایک ہی گھر کے 4 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے واپڈا ٹاؤن میں واقع ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے گھر میں رہائش پزیر سرفراز اس کی اہلیہ اور دو بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی فوراً پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا گیاجنہوں نےآگ بجھاکر لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال کے مردہ خانے منتقل کردیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت سرفراز، اس کی اہلیہ صبا، بیٹی آمنہ اور بیٹے شیراز احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جھلسنے والا شخص سرفراز ملازمت کے باعث واپڈا ٹاؤن میں واقع سرونٹ کوارٹر میں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ رہائش پزیر تھا۔ گھر کے مالک نےواقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو بیان دیا ہے کہ ہمیں علم نہیں کہ آگ کب اور کیسے لگی، ہمیں ہمسایوں نے اطلاع دی کہ ہماری چھت پر واقع کمرے میں آگ لگی ہوئی ہے۔

دوسری جانب واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس پی صدر عادل میمن بھی موقع پر پہنچ گئے انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہافرانزک کی ٹیموں نے شواہد اکھٹے کرلیے ہیں، ابتدائی طور پر آگ شارٹ سرکٹ کے سبب معلوم ہوتی ہے۔ تاہم فرانزک اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی آگ لگنے کی حتمی وجہ کا تعین ہوسکے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں