بلدیہ عظمیٰ مارکیٹوں کے دکانداروں سے کرایوں کے نئے معاہدے کرنے کا فیصلہ

دکانوں کے کرایوں میں اضافے کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت، کے ایم سی کی زمینوں پر تجاوزات قائم کرنے سے روکا جائے، ہاشم رضا

بلدیہ عظمیٰ اور کے ڈی اے کے ریکوری محکموں کے سربراہان کے اجلاس سے خطاب، بعض محکموں کی ریکوری بہتر نہ ہونے پر برہمی۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کے ایم سی کے ریکوری کے محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے محکموں کی ریکوری کو بہتر بنائیں۔

انھوں نے بعض محکموں کی ریکوری بہتر نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا ہے، وہ جمعہ کو بلدیہ عظمیٰ کراچی اور کے ڈی اے کے ریکوری کے محکموں کے سربراہان سے خطاب کر رہے تھے، مشیر مالیات خالد محمود شیخ، ڈائریکٹر ایچ آر ایم شعیب وقار، سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکری ایشن محمد ریحان خان، ڈائریکٹر کچی آبادی مظہر خان، ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی اقبال نواز، ڈائریکٹر لینڈ کے ڈی اے ونگ نجم الزماں، سینئر ڈائریکٹر میونسپل یوٹیلیٹی چارجز طاہر درانی اور دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔

اس موقع پر محکمہ اسٹیٹ کو ہدایت دیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ یکم جولائی سے کے ایم سی کی مارکیٹوں میں واقع دکانوں کے نئے معاہدے کیے جائیں اور کرایوں میں اضافے کا بھی جائزہ لیا جائے، ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی اقبال نواز نے اپنے محکمے کی ریکوری سے متعلق بتایا کہ انھوں نے2 ماہ میں 2 کروڑ 12 لاکھ روپے 76 ہزار روپے وصول کیے جبکہ نادہندگان کو 80 نوٹس جاری کیے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی، انھوں نے کہا کہ کے ایم سی کی زمینوں کے حوالے سے اگر کوئی غیر قانونی کام ہورہاہے تو انھیں فوری نوٹس جاری کریں اور تجاوزات کو بھی روکا جائے۔




سینئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکسز مسعود عالم نے بتایا کہ ان کے محکمے نے گزشتہ ماہ میں 3 کروڑ 58 لاکھ روپے وصول کیے ہیں جبکہ اب تک مجموعی طور پر 61 کروڑ 24 لاکھ 57 ہزار روپے جمع کیے جاچکے ہیںایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ انھیں محکمہ لوکل ٹیکسز سے بہت امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ اپنا ہدف سو فیصد حاصل کرے گا ، محکمہ انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ پروموشن کے سینئر ڈائریکٹر فرحان درانی نے بتایا کہ ان کے محکمے کے تحت رجسٹرڈ بچت بازاروں کی تعداد 92 ہے جبکہ شہر میں ناجائز طور پر 100 سے زائد بچت بازار چلائے جا رہے ہیں جن کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ فوری طور پر بائی لاز تیار کرکے ان بچت بازاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز مختار حسین نے اپنے محکمے کی کارکردگی پیش کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اس ماہ 4 کروڑ 70 لاکھ روپے وصول کیے ہیں جسے بڑھا کر اگلے ماہ 5 کروڑ تک کردیا جائے گا۔
Load Next Story