رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں5 غیر ملکیوں سمیت 64 افراد زیر حراست اسلحہ برآمد

الآصف اسکوائر، چھوٹا پلازہ اور بڑا پلازہ میں آپریشن،5ازبک باشندے گرفتار، زیرحراست افراد تفتیش کیلیے نامعلوم مقام منتقل


Staff Reporter April 06, 2013
سکندر گوٹھ میں آپریشن کے دوران سادہ لباس میں ملبوس اہلکار گھر کی تلاشی لے رہے ہیں۔ فوٹو : فائل

پولیس و رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے 64 افراد کو گرفتار و حراست میں لے کر بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

حراست میں لیے جانے والوں میں 5 غیر ملکی بھی شامل ہیں، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے گزشتہ روز سہراب گوٹھ کے علاقے الآصف اسکوائر ، چھوٹا پلازہ اور بڑا پلازہ میں آپریشن کیا ، اس دوران علاقے کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی۔

رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ رینجرز نے گھر گھر تلاشی کے دوران 24 افراد کو حراست میں لیا جن میں5 ازبک باشندے بھی شامل ہیں ، گھر گھر تلاشی کے دوران 68 ہتھیار ملے جن میں ایس ایم جی ، مختلف اقسام کی رائفلیں ، شاٹ گن ، پستول ، نائن ایم ایم ، درجنوں رائونڈ اور کارتوس بھی شامل ہیں۔



پولیس ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے ابو الحسن اصفہانی روڈ پر ایک ٹارگٹڈ کارروائی کے دوران 3 ملزمان کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ چنیسر گوٹھ میں کارروائی کے دوران 10 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔

ذرائع نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب رینجرز نے علی محمد محلہ لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے بلاول مسیح ، نعیم ولد نواز لاسی اور عقیل ایرانی کو حراست میں لیا جن سے تفتیش کے بعد بلاول مسیح کو چھوڑ دیا گیا جبکہ نعیم اور عقیل کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا سہراب گوٹھ پولیس نے سکندر گوٹھ میں آپریشن کرتے ہوئے 23 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ، ڈی ایس پی خالد خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ سکندر گوٹھ سے پولیس نے 23 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر 5 پستول برآمد کیے جن میں سے 2 پستولیں زمیں چھپائی ہوئی تھیں، علاقے میں آپریشن کے دوران بھاری مقدار میں منشیات بھی برآمد ہوئی، خالد خان نے مزید بتایا کہ ایک ٹارچر سیل بھی برآمد کیا گیا جہاں سے ایذا رسانی اور تشدد کے متعدد اوزار اور دیگر سامان پولیس نے قبضے میں لے لیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں