سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ پی ٹی آئی کا حق ہے فواد چوہدری

شیری رحمان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھا گیا خط کیلبری پارٹ 2 ہے، فواد چوہدری

شیخ رشید اچھے عبوری وزیراعظم ثابت ہوسکتے ہیں، فواد چوہدری فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ حاصل کرنا ہمارا حق ہے۔

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ حاصل کرنا ہمارا حق ہے، پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھا جانے والا خط کیلیبری پارٹ ٹو ہے، فاٹا کے سینیٹرز پر پوری قوم کی نظریں ہیں، انہیں درست فیصلہ کرنا چاہیے، عمران خان نے مدبرانہ فیصلے کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو سینیٹ کے چیئرمین کا عہدہ حاصل کرنے سے روکا۔


فواد چوہدری نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں 900 ارب روپے خرچ کردیئے لیکن صوبے میں تعلیم و صحت کی خستہ حال صورت حال سب کے سامنے ہے، پنجاب میں ترقیاتی کام صرف اخباروں میں نظر آتے ہیں، اگر پنجاب میں پیسہ انسانوں پر خرچ کیا جاتا تو کچھ نظر آتا، پنجاب میں پولیس یونیفارم کو تبدیل کرنے کا عجیب و غریب فیصلہ کیا گیا،پولیس کے بیجز اور بیلٹس پر 24 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، نئی وردی کے لئے 8 لاکھ میٹر کپڑا خریدا گیا اور اب دوبارہ پرانی وردیوں کو بحال کیا جا رہا ہے، سستی روٹی اسکیم میں 40 ارب روپے خرچ کردیئے گئے، جس کا کوئی آڈٹ نہیں ہوا، آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں احد چیمہ کی گرفتاری بھی بدعنوانی کی ایک نئی کہانی ہے، دانش اسکولز پر اربوں روپے ضائع کئے گئے، پیلی ٹیکسی اسکیم بھی بند ہو گئی، لیپ ٹاپ اسکیم پر اربوں روپے ضائع کئے گئے، ان تمام منصوبوں کی تحقیقات آج تک نہیں ہوسکیں۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے مقدمات اختتام کی جانب گامزن ہیں، شریف خاندان نے لندن میں املاک کو تسلیم کیا ہے، حسن نواز نے بھی 16کمپنیوں کی ملکیت کا اعتراف کیا ہے، جس میں 300ارب روپے منتقل ہوئے،ان تمام الزامات کو شریف خاندان تسلیم کرچكی ہے تو اب نیب کیا ثابت کرے گی، شریف خاندان پر فرد جرم عائد ہونے جا رہی ہے، نواز شریف نے بیٹوں کو لندن میں چھپا کر بیٹی سے سیاست شروع کروا دی ہے۔

آئندہ انتخابات کے لیے نگراں سیٹ اپ سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے نگران وزیراعظم کے انتخاب کیلئے پارٹی سے نام مانگے ہیں اور اس عمل میں بھرپور حصہ لیں گے، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں نگران وزیراعلیٰ کے لئے نام بھی ہمیں ہی دینے ہیں۔ شیخ رشید اچھے عبوری وزیراعظم ثابت ہوسکتے ہیں۔
Load Next Story