زرداری اور نیازی نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا ہے شہباز شریف

عمران خان درگاہ پر اللہ اللہ کریں سیاست ان کے بس کی بات نہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب

عمران خان نے اپنے صوبے میں دھیلے کا کام نہیں کیا، شہباز شریف فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور عمران خان نیازی نے آپس میں گٹھ جوڑ کرلیا ہے۔

عوام ووٹ کی طاقت سےمخالفین کوجواب دیں گے


ڈیرہ غازی خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ مخالفین کہتے ہیں کہ ہم سڑکیں ،پل اور میٹرو بناتے ہیں اسپتال اور اسکول نہیں، وہ آکر دیکھیں کہ ڈی جی خان میں اسپتال اور اسکول بنا ہے اور اب ٹیچنگ اسپتال بن رہا ہے۔ تم نے اپنے علاقے میں نا اسکول بنایا اور نا ہی اسپتال بلکہ قوم کا وقت اور پیسے ضائع کیے، عوام کو فیصلہ کرنا ہے کس نے خدمت کی اور کس نے وقت ضائع کیا، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) تمام سیاسی مخالفین کا صفایا کردے گی۔ عوام ووٹ کی طاقت سےمخالفین کوجواب دیں گے۔

عمران خان بھگوڑے ہیں بھاگ جائیں گے


شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری اور عمران خان نیازی اکھٹے ہوگئے ہیں، ان دونوں نے گٹھ جوڑ کرلیا ہے، دونوں نے مل کر بے بنیاد الزامات لگاتے ہیں۔ عمران خان نیازی کہتے ہیں کہ آصف زرداری جو کرتے رہیں میں اس کا نام نہیں لوں گا، عمران خان اپنے صوبے میں دھیلے کا کام نہیں کیا اور جھوٹ کا کلچر پھیلاتے ہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں بلین ٹری کا جھوٹ بولا۔عمران خان بھگوڑے ہیں بھاگ جائیں گے، سیاست ان کے بس کی بات نہیں ، وہ کان پکڑیں، توبہ کریں اور کسی درگاہ پرجاکر اللہ اللہ کریں۔

ملتان میٹرو پر چیف جسٹس نوٹس لیں اور تحقیقات کے لئے فل بنچ بنائیں


وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان نےالزام لگایا کہ میں نے میٹرو منصوبے میں کمیشن لیا، ملتان میٹرو پر چیف جسٹس نوٹس لیں اور تحقیقات کے لئے فل بنچ بنائیں، ملتان میٹرو میں ایک روپے کی کرپشن ہوئی تو سیاست چھوڑدوں گا۔ نیب نے میٹرو کا کیس لے لیا ہے، جس پر درجنوں پیشیاں بھگت رہے ہیں، نیب ملتان میٹرو میں کرپشن ثابت کردے تو قوم سے معافی مانگوں گا۔
Load Next Story