سری لنکا کے خلاف میچ میں بنگال ٹائیگرز بے قابو

نوبال نہ دینے پر مرنے مارنے پر تل گئے، شکیب بیٹسمینوں کوہی باہر بلانے لگے


Sports Desk March 18, 2018
خفیہ پیغام لانے والے متبادل پلیئر نورالحسن بھی حریف فیلڈرز سے الجھ بیٹھے۔ فوٹو: این یو آر

ISLAMABAD: ٹرائنگولر ٹوئنٹی20 سیریز میں سری لنکا کیخلاف میچ میں بنگال ٹائیگرز بے قابو ہوگئے اور فیصلہ کن اوور میں امپائرکی جانب سے نوبال نہ دینے پر مرنے مارنے پر تل گئے۔

بنگلادیش نے جمعے کی شب سری لنکا کو انتہائی سنسنی خیزاور تناؤ سے بھرپور میچ میں 2وکٹ سے شکست دیکر بھارت کیخلاف فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، فیصلہ کن لمحات میں پڑنے والے دباؤ نے ان کے چہرے سے شرافت کا نقاب بھی اتار پھینکا، آخری اوور میں بنگلادیشی ٹیم کو کامیابی کیلیے 12 رنز درکار تھے، جب اسورو اڈانا نے دوسری بار شارٹ پچ بال کرائی تو امپائر نے اسے نو قرار دینے سے انکار کردیا۔

اس دوران بنگلہ دیشی ڈریسنگ روم سے متبادل کھلاڑی نورالحسن کو خاص پیغام کے ساتھ میدان میں بھیجا گیا، جنھوں نے اسٹرائیک پر موجود محمود اللہ اور روبیل حسین کو بتایا کہ انھیں شکیب الحسن نے باہر بلایا ہے، اس دوران نورالحسن واپس پلٹے اور سری لنکن فیلڈرز کے ساتھ الجھنے لگے، خاص طور پر ان کی تھشارا پریرا کے ساتھ گرما گرمی ہوئی، اس دوران دیگر سری لنکن فیلڈرز بھی جمع ہوگئے اور انھیں باہر کی جانب روانہ کیا۔

جب سری لنکن فیلڈرز اپنی جگہ سنبھال رہے تھے تو محمود اور روبیل فیلڈ سے باہر جانے لگے تاہم آخر میں شکیب نے انھیں واپس کھیلنے کیلیے بھیج دیا جس کی وجہ سے کئی منٹ کا کھیل ضائع ہوا، آخر میں سیکنڈ لاسٹ بال پر چھکا جڑ کر محمود اللہ نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرایا۔

اس موقع پر بنگلادیشی پلیئرز نے فیلڈ میں غیرمعمولی جشن منایا،دونوں جانب کے پلیئرز کے درمیان گرما گرمی ہوئی اور کچھ کھلاڑی دوسروں کا غصہ ٹھنڈا کرتے ہوئے دکھائی دیے، بعد میں جب مہمان ٹیم ڈریسنگ روم کی طرف گئی تو وہاں پر بھی بنگال ٹائیگرز نے جنگلی انداز میں خوشیاں مناتے ہوئے دروازہ ہی توڑ ڈالا جس سے شیشے کی کرچیاں سیڑھیوں پر بکھر گئیں۔

میچ ریفری کرس براڈ نے معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے کیٹرنگ سروس والوں سے پوچھا تو انھوں نے ایک پلیئر کو اس کا ذمہ دار قرار دیا، بعد میں سی سی ٹی وی فوٹیج سے نشاندہی نہیں ہوئی کہ کس نے ایسا کیا تھا۔

آئی سی سی نے خراب رویے پرشکیب اور نورالحسن پر جرمانہ عائدکردیا

آئی سی سی نے خراب رویے پر بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن اور نورالحسن پر جرمانہ عائد کردیا، کرس براڈ نے کہاکہ جس قسم کے رویے کا شکیب نے اظہار کیا اس کی توقع نہیں کی جا سکتی، اگر امپائرز مداخلت نہ کرتے تو صورتحال بہت ہی خراب ہوسکتی تھی، انھوں نے شکیب اور نور دونوں کو 25، 25 فیصد میچ فیس جرمانہ کرنے کیساتھ ایک،ایک ڈیمیرٹ پوائنٹ بھی دیا۔

شکیب کا خراب رویے کا اعتراف،آئندہ جذبات قابو میں رکھنے کی یقین دہانی

بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن نے اپنے خراب رویے کا اعتراف کرتے ہوئے آئندہ جذبات کو قابو میں رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انھوں نے کہاکہ میں نے بیٹسمینوں کو واپس نہیں بلایا بلکہ میں تو انھیں کھیل جاری رکھنے کو کہہ رہا تھا، آپ صورتحال کے تناظر میں کچھ بھی کہہ سکتے ہیں، ہم انسان ہیں اور غلطی ہماری فطرت میں شامل ہے مگر میدان سے باہر ہم سب دوست ہیں، اصل میں جذبات ہم پر حاوی ہوگئے تھے، مجھے کپتان ہونے کے ناطے آئندہ زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہے، میں آئندہ جذبات کو قابو میں رکھنے کی پوری کوشش کروں گا۔

سری لنکا کرکٹ بورڈ نے بنگلادیشی ٹیم کے رویے کوقابل افسوس قراردیدیا

سری لنکن بورڈ چیف تھالنگا سماتھی پالا نے اپنی ٹیم سے میچ میں بنگلادیشی ٹیم کے رویے کو قابل افسوس قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ امپائر کے فیصلے پر اس قسم کے رویے کا اظہار قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے، ایسی چیزوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا میچ میں پیش آنے والے واقعات پر اظہارِ افسوس

بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے سری لنکا سے میچ میں پیش آنے والے واقعات پر اظہارِ افسوس کیا ہے، بی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیاکہ جمعے کو ٹرائنگولر ٹرافی میچ میں جو کچھ ہوا اس پر بنگلادیشی بورڈ شرمندہ اور اس بات کو تسلیم کرتا ہے کہ جو کچھ ہمارے کھلاڑیوں نے کیا وہ ناقابل قبول ہے، اس کی وجہ میچ کی اہمیت اور دباؤ ہوسکتا ہے تاہم ایسی چیزوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اس لیے تمام کھلاڑیوں کو ایک بار پھر اسپرٹ آف کرکٹ کو ہمیشہ برقرار رکھنے کے سبق کی یاددہانی کرادی گئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں