ایک دوسرے کو چور کہنے والے سینیٹ الیکشن میں متحد ہوگئے فضل الرحمان

اگر جے یو آئی پارلیمنٹ میں نہ ہوتی تو ختم نبوت بل کو ختم کردیا جاتا، سربراہ جے یو آئی (ف)

اگر جے یو آئی پارلیمنٹ میں نہ ہوتی تو ختم نبوت بل کو ختم کردیا جاتا، سربراہ جے یو آئی (ف) - فوٹو:فائل

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو چور کہنے والے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں متحد ہوگئے۔

کوٹ ادو میں نظام مصطفیٰ کانفرنس سے خطاب کے دوران عمران خان اور آصف زرداری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج کل کی سیاسی پارٹیاں ایک دوسرے پر چوری کا الزام لگاتی ہیں، ایک دوسرے کو کرپشن کا چاچا ماما کہتے ہیں لیکن سینیٹ الیکشن میں متحد ہوجاتے ہیں۔


جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے سوال کیا کہ کونسی قوتیں ہیں جو پارلیمنٹ کے فیصلے کرتی ہیں، اگر جے یو آئی پارلیمنٹ میں نہ ہوتی تو ختم نبوت بل کو ختم کردیا جاتا، یہ سب کچھ ایک خاص منصوبے کے تحت کیا جارہا ہے، ہمیں کہتے ہیں مدارس کو قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں میں انہیں کہتا ہوں کہ ہم تو پہلے ہی قومی دھارے میں ہیں بلکہ آپ بھی ہماری ساتھ آجائیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امریکا بھارت کو مضبوط کررہا ہے جب کہ ہماری مملکت کشمیر کے مسئلے کو بھول رہی ہے، کشمیر کی جنگ ایک مستحکم پاکستان لڑسکتا ہے، ہمیں طاقتور سیاسی قوت بننا ہوگا، پوری دنیا میں ایک جنگ جاری ہے جو تاریخ یاد کروارہی ہے لیکن مجھے اپنی تاریخ یاد ہے اور جابروں کی تاریخ بھی مگر اب جابروں سے آزادی کا وقت آگیا ہے کیوں کہ ظلم و جبر کی رات کتنی ہی طویل ہو صبح ضرورہوتی ہے۔
Load Next Story