ایشین گیمز میں پاکستان بھرپور انداز میں حصہ لے گا عارف حسن

قومی گیمز کوئٹہ میں منعقد کرانے کے لیے کوشاں ہیں، پی او اے چیف


کامن ویلتھ گیمز کے ریسلنگ ایونٹ میں بھی میڈلز پانے کی توقع ہے۔ فوٹو؛ فائل

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل (ر)عارف حسن نے کہاہے کہ پاکستان ایشین گیمز میں بھرپوراندازمیں شرکت کرے گا۔

چوتھی بین الصوبائی گیمز کی افتتاحی تقریب کے موقع پرنمائندہ ایکسپریس سے خصوصی گفتگواورمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عارف حسن نے کہا کہ اگست میں انڈونیشیا کے شہرجکارتہ میں ہونے والے ایشین گیمزمیں بھرپور اندازمیں شرکت کے متمنی ہیں، تاہم اتنے اہم گیمز کے لیے حقیقی معنوں میں اقدامات اورتیاریوں کا آغاز نہیں ہوسکا، بہتر نتائج کیلیے طویل المدتی تربیتی کیمپ بہت معاون رہتے ہیں۔

عارف حسن نے کہا کہ ہمیں اچھے کھلاڑی بھی درکار ہیں، نئے ٹیلنٹ کوسامنے لانے کے لیے گراس روٹ پرکام کرنا ہوگا، تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بڑھانے سے مقاصد کے حصول میں کامیابی ہوسکتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ کامن ویلتھ گیمز کیلیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں،قوی امید ہے کہ پاکستان ریسلنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میڈلزجیتنے میں کامیاب رہے گا، انھوں نے مزید کہاکہ قومی گیمزکوئٹہ ہی کی میزبانی میں منعقد کرائے جانے کا امکان ہے،اس حوالے سے گفت وشنیدکا سلسلہ جاری ہے۔

عارف حسن کاکہنا تھاکہ صوبائی حکومت نے مختصر نوٹس پر بین الصوبائی گیمز کا انعقادکیا جوکہ قابل تحسین ہے،کیونکہ ان گیمزمیں خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹاسے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔جس سے امن اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا۔

خیرپختونخوا کے ڈی جی اسپورٹس جنید خان نے کہاکہ کھیلوں کا مقصد صوبوں کے مابین محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔