ستیاناس اور بیڑہ غرق تھیوری اب نہیں چلے گی احسن اقبال

لاہور میٹرو 30ارب میں بنی،اسکے مقابلے میں پشاورمیٹرو57ارب میں بنائی جارہی ہے، وفاقی وزیر


لاہور میٹرو 30ارب میں بنی،اسکے مقابلے میں پشاورمیٹرو57ارب میں بنائی جارہی ہے، وفاقی وزیر۔ فوٹو : فائل

LONDON: وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ستیاناس اور بیڑہ غرق تھیوری اب نہیں چلے گی۔

سربراہ پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے میٹرو منصوبے پر تنقید کا جواب دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا ہے کہ خان صاحب 27کلو میٹر لاہور میٹرو 30ارب روپے میں بنی،اسکے مقابلے میں 26کلو میٹر پشاور میٹرو 57ارب روپے میں بنائی جارہی ہے،کیا خیبر پختونخوا میں کوئی بھوکا نہیں بچا؟

گزشتہ روز عمران خان نے کہا تھا کہ عوام بھوکے رہیں اور میٹرو پر پیسے لگا دیے جائیں تو لوگوں کو کیا ملے گا؟جس کے جواب میں ٹویٹر پراحسن اقبال نے کہا کہ عوام آپ کے جھوٹے پروپیگنڈا کی حقیقت جان چکے ہیں، انھوں نے کہاکہ ستیاناس اور بیڑہ غرق تھیوری اب نہیں چلے گی۔

علاوہ ازیں سرکاری ٹی وی کوانٹرویومیں وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہاکہ قتصادی راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان جنوبی ایشیا کا صنعتی مرکز بن جائے گا،وفاقی دارالحکومت ،چاروں صوبوں ،آزاد جموں وکشمیر،گلگت بلتستان اور فاٹا میں تجارتی زون قائم کیے جائیں گے،اس سے جہاںروزگار کے لاکھوں مواقع پیداہونگے وہیں سماجی ڈھانچے،توانائی،صنعتی تعاون اور زرعی شعبے میں بڑے پیمانے پر بہتری آئیگی۔

احسن اقبال نے کہا کہ کچھ عناصر سی پیک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں، ایک سوال پرانھوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور بلوچستان چین پاکستان اقتصادی رہداری کا داخلی راستہ بن جائیں گے،انھوںنے کہا کہ حکومت نے اپنی موثر پالیسیوں کے ذریعے دہشت گردی کی کارروائیوں اور توانائی کی قلت پر قابو پایا اور امن وامان کی صورتحال میں بہتری لائی۔

دریں اثنا نارووال میں میڈیا سے گفتگومیں احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے معیشت کی بہتری کے لیے ریکارڈ سرمایہ کاری کی اور ملک کو ترقی کی جانب گامزن کردیا ،ملک سے اندھیروں کا خاتمہ ہو گیا ہے لیکن مخالفین بجلی بحران کی بے بنیاد خبریں اڑا رہے ہیں۔

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 15اپریل کو نارروال آئینگے،جہاں وہ 14ارب روپے لاگت کے سیالکوٹ موٹر وے لنک منصوبے اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے علاوہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔

بعدازاں وفاقی وزیر احسن اقبال نے نارووال کے نئے زیر تعمیر ریلوے اسٹیشن کا دورہ بھی کیا اور وہاں کام کے معیار کا جائزہ لیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں