ایک دوسرے کو ماما چاچا کہنے والے اکٹھے ہو گئے فضل الرحمن

زرداری کہتا ہے چکر چلا کر عمران کو پھنسایا، عمران اسے گند سے نہلانے کی باتیں کرتا ہے، سربراہ جے یو آئی (ف)


Numaindgan Express March 19, 2018
کسی کی ڈھولکی پرناچنے والے سیاستدانوں کو نکالنا ہو گا، آسمان سے اترنے والوں کو کون اعلیٰ مناصب پر بٹھاتا ہے؟۔ فوٹو:فائل

جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان اور آصف زرداری ایک دوسرے کو کرپشن کا ماما چاچا کہتے ہیں اور پھر وقت آنے پر دونوں کرپشن کے چاچے مامے اکٹھے ہوگئے۔

جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام سیرت مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آج کا اجتماع اس بات کا اعلان کرتا ہے کہ اب ان جابروں سے آزادی کا وقت آگیا ہے اور اس جبر کا دور ختم ہوگیا ہے اور انگریزوں کے ان جانشینوں سے عوام آزادی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا زرداری کہتا ہے کہ میں نے جو چکر چلایا ہے اس میں عمران کو پھنسایا ہے عمران اور زرداری ایک احتساب کا چاچا ماما ہے اور دوسرا کرپشن کا چاچا ماما ہے جبکہ ہم پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، انہوں نے کہا غریب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جب تک جمعیت موجود ہے تب تک کوئی جاگیردار تمھارا بال بھی بیگا نہیں کرسکتا ۔

فضل الرحمن نے مزید کہا کہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح آسمانوں سے لوگ اتر کر ہمارے اعلٰی مناصب پر بیٹھتے ہیں، کون بٹھاتا ہے انہیں ؟ کون سی نادیدہ قوتیں ہیں جو ہمارے ملک کے پارلیمنٹ کے فیصلے کرتے ہیں ؟ جو ہمارے حق حکمرانی کو چیلنج کرتے ہیں، کسی کی ڈھولکی پر ناچنے والے سیاستدانوں کو ملک سے نکالنا ہے ، جب تک ہم انقلابی فیصلے نہیں کریں گے ، جب تک ہم نقاب میں پوشیدہ انکے اصلی چہروں تک نہیں پہنچیں گے تب تک پاکستان میں نہ آپکو جمہوریت نظر آئے گی نہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور آئین پاکستان ایک مقدس کتابچے کی صورت میں نظر آئے گا جسے جب چاہیں پھینک دیں اور اپنی مرضی کی حکومتیں چلا دیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ علماء کرام نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کے ذریعے ملک دین اسلام اورعوام کی خدمت کی۔ سابق صدرپرویزمشرف نے ملک کوجس دہشت گردی کی دلدل میں دھکیلا ہے وہ عوام کے سامنے ہے اب فوج حکومت اوردیگرادارے بھی اس کو نکال نہیں پارہے، ہم ان کی تاریخ جانتے ہیں ان جاگیرداروں نے انگریزوں کے کتے نہلائے اور انکے گھوڑوں کو خرخرے مارے،علماء کی تاریخ دنیا کے سامنے ہے، ہم نے انگریزو ں کے سامنے گردنیں اٹھا کر اور سینے تان کر حق و سچ کی بات کی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں