ڈاکٹر عبدالقدیر کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے سراج الحق

ڈاکٹر عبدالقدیرخان غیر متنازع شخصیت ہیں، امیر جماعت اسلامی

سینیٹ الیکشن میں ہمارے اراکین کودولت کی چمک متاثرنہ کرسکی،کرک میں جلسے سے خطاب۔ فوٹو : فائل

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت و اپوزیشن کو تجویز پیش کی ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو نگران وزیراعظم مقرر کیا جائے۔

سینیٹر سراج الحق نے کرک میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کو نگراں وزیراعظم بنایا جائے، وہ ایک غیر متنازع شخصیت ہیں اورانھوں نے پاکستان کو پہلی اسلامی ایٹمی قوت بناکر ناقابل فراموش کارنامہ انجام دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہ اکہ جنرل (ر) مشرف نے امریکی دباؤ پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان پر پابندیاں لگا کر انھیں نظر بند رکھا جبکہ بھارت نے اپنے ایٹمی سائنسدان کو صدر بناکر اس کے وقار کو بلند کیا، ضرورت ہے کہ مشرف کی زیادتیوں کا مداوا کرنے اور ڈاکٹر عبدالقدیر کے ملک وقوم پراحسان کے صلے میں عزت ووقارکی یہ پگڑی ان کے سرپر رکھی جائے، انہوں نے کہا کہ شی جن پنگ کو دوبارہ چین کا صدر بننے پر مبارکباد پیش کرتاہوں، امید ہے کہ ان کی قیادت میں خطے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔


سراج الحق نے کہا کہ پی ایس ایل کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہتاہوں، قوم کواچھی تفریح اور بہترین کھیل دیکھنے کا موقع ملے گا، آئندہ انتخابات کو عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے کرپٹ حکمرانوں کے لیے یوم حساب بنادیں اور اپنی محرومیوں کا بدلہ چکانے اور تعلیم ، علاج اور انصاف کے حصول کے لیے اپنا ووٹ اسلام اور پاکستان کی نمائندگی کرنے والے دیانتدار و صاحب کردار لوگوں کو دیں،کرپٹ ٹولہ کی ایوانوں میں موجودگی تک قوم کی حالت نہیں سدھرسکتی۔

جلسے سے امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا سینیٹرمشتاق احمد خان نے بھی خطاب کیا،اس موقع پرعلاقے کے معروف سماجی و سیاسی رہنماؤں نے اپنے سیکڑوں ساتھیوں اورخاندانوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ اس وقت ملک میں نگران وزیراعظم کے لیے صلا ح و مشورے جاری ہیں،بہتر یہی ہے کہ کسی غیرمتنازع اور پاکستان کے لیے بڑا کارنامہ انجام دینے والی شخصیت کو نگران وزیراعظم بنادیا جائے، قوم کے نزدیک اس وقت ڈاکٹر عبدالقدیر خان سے بڑھ کر کوئی اس منصب کا حقدار نہیں اس لیے میں مطالبہ کرتاہوں کہ حکومت اور اپوزیشن ڈاکٹر عبدالقدیر کو نگران وزیراعظم مقرر کرے۔

 
Load Next Story