پاکستانی فلم کو دنیا میں مثال بنانے کا چیلنج درپیش ہے سارہ لورین

حقیقت کے قریب اورمنفرد موضوعات پربنائی جانے والی فلمیں ہمیشہ ہی شائقین کی توجہ کا مرکزبنتی ہیں، اداکارہ

میری اولین ترجیح حقیقی کہانیاں ہی ہیں،ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، اداکارہ و ماڈل کی ایکسپریس سے گفتگو۔ فوٹو : فائل

HARIPUR:
اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا ہے کہ حقیقت کے قریب تربننے والی فلمیں اپنی مثال آپ ہوتی ہیں تاہم اگریہی سلسلہ پاکستان میں شروع کردیا جائے توانٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی فلم کونمایاں مقام ملے گا۔

''ایکسپریس''سے گفتگو کرتے ہوئے سارہ لورین نے کہا کہ بطور اداکارہ بہت سے ڈراموں میں کام کیا اوراس کے ساتھ ساتھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں لیکن آج بھی میری اولین ترجیح حقیقی کہانیاں ہی ہیں۔ بلاشبہ پاکستانی ڈرامہ اپنی مثال آپ ہے۔ لیکن اب فلم کو بھی ہم نے مثال بنانا ہے۔



اداکارہ نے کہا کہ اس وقت گھبرانے کے بجائے اس کا ڈٹ کرمقابلہ کرنا ہے۔ اس کی بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔ ملک بھر میں ایکٹنگ، رائٹنگ، میوزک اور دیگر تکنیکی شعبوں میں باصلاحیت نوجوان موجود ہیں۔


سارہ لورین نے کہا کہ منفردموضوعات اورسُلجھے ہوئے فنکاروں پرمشتمل ٹیم کے ساتھ جب کام کرنے کا موقع ملتا ہے توایک فنکاربہترانداز سے اپنی صلاحیتوں کااظہارکرپاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہالی ووڈ میں بننے والی حقیقی موضوعات کی فلموں میں کام کرنے والے فنکاروں کی اداکاری کوبہت سراہا جاتا ہے۔ ان فنکاروں کی فلم دیکھنے کیلیے جہاں لوگوں کی بڑی تعداد سینما گھروں کا رخ کرتی ہے وہیں انھیں قدر کی نگاہ سے بھی دیکھا جاتا ہے۔


اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی فلم گزشتہ چند برسوں کے دوران دوبارہ سے شائقین کی توجہ حاصل کررہی ہے۔ یہ خاصا مشکل ٹاسک تھا لیکن اس تک پہنچنے کیلیے سب لوگوں نے کڑی محنت کی اوریہ سلسلہ جاری ہے ۔ کیونکہ ابھی تو شروعات ہے اور منزل بہت دور ہے۔ اس سفر میں پاکستانی فلم کوکامیابی کی طرف لے جانے کیلیے ہم سب کومل کرکام کرنے کی ضرورت ہے۔


 
Load Next Story