نیب ریفرنسزکی سماعت نواز شریف کی ملازمت سے متعلق اقامہ اورمعاہدہ عدالت میں پیش

دستاویزات جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے عدالت کے روبرو پیش کیں


ویب ڈیسک March 20, 2018
واجد ضیاء لندن فلیٹس ریفرنس سے متعلق دستاویزات پیش کریں گے۔ فوٹو: فائل

پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیا نے نیب ریفرنس کی سماعت کے دوران نواز شریف کی متحدہ عرب امارات میں ملازمت سے متعلق اقامہ اور معاہدہ عدالت میں پیش کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ پراپرٹیزریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر حسین پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء احتساب عدالت میں پیش ہوئے اورنواز شریف کے بچوں حسین نوازاورمریم نواز کے درمیان معاہدے کا خط، آف شورکمپنیوں سے متعلق فلوچارٹ، مختلف کمپنیوں کے مابین لین دین اوررقوم کی منتقلی کا ریکارڈ، نیلسن، نیسکول اور کومبر گروپ کی ٹرسٹ ڈیڈ، متحدہ عرب امارات ایمبیسی کا جوابی خط اوررابرٹ ریڈلی کی فرانزک رپورٹ سمیت نوازشریف کی ملازمت سے متعلق اقامہ اور معاہدہ بھی عدالت میں پیش کیا۔ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ نے دستاویزات پر اعتراض اٹھایا کہ جبل علی فری زون اتھارٹی کی دستاویزات نوٹری پبلک، قونصل خانہ اور ڈپلومیٹک ایجنٹ سے تصدیق شدہ نہیں، اس لئے قانون شہادت کے تحت دستاویز کو ریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا۔

واضح رہے کہ نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں نواز شریف سمیت ان کے بچوں حسن اور حسین نواز، مریم نواز سمیت داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں