فیس بک کو ایک دن میں 6 ارب ڈالرز کا نقصان
فیس بک سے متعلق منفی خبروں کی وجہ سے سوشل میڈیا سائٹ فیس بک کو راتوں رات 6 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑ گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقی کمپنی کیمبرج اینالیکٹس کی جانب سے فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چرانے کا اسکینڈل منظر عام پر آنے کے بعد کمپنی کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ حالیہ امریکی صدارتی انتخابات میں کیمبرج اینالیٹکس کو صارفین کی اجازت کے بغیر ڈیٹا تک رسائی دی تھی جو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فیس بک نے جنسی استحصال سے متعلق سرچ سجیشن پر معافی مانگ لی
انہی منفی خبروں کے سبب فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو ایک ہی دن میں 6 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا تاہم ان کے پاس اب بھی 400 ملین کے شیئرز موجود ہیں اور وہ تاحال 68.5 بلین ڈالرز مالیت کے ساتھ دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔
دوسری جانب اسکینڈل سامنے آنے پر فیس بک کے سیکورٹی چیف الیکس اسٹامس کمپنی سے علیحدگی پر غور کررہے ہیں۔ خیال رہے کیمبرج اینالیٹکس کو فیس بک پر صارفین کے لائیکس کا تجزیہ کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔