اسلام آباد چیمبر وفد کی ملائیشین حلال ایکسپو میں شرکت

پاکستانی ہائی کمشنر سے بھی ملاقات، ملائیشین سیاحوں کیلیے ویزا پالیسی نرم کرنے پر زور۔


PPI April 07, 2013
شاہد کیانی نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھانے کیلیے کوششوں کا یقین دلایا۔

ISLAMABAD: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک وفد نے چیمبر کے صدر صدر ظفر بختاوری کی قیادت میں ملائیشیا انٹرنیشنل حلال شوکیس (میہاس) ایکسپو میں حصہ لیا۔

اسلام آباد چیمبر کے وفد نے کوالالمپور میں پاکستانی ہائی کمشنر شاہد کیانی سے بھی ملاقات کی اور ملائیشیا کے ساتھ باہمی تجارت کے فروغ کے ممکنہ مواقع کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر اسلام آباد چیمبر کے صدر ظفر بختاوری نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کاروباری تعلقات کے فروغ کے ذریعے باہمی تجارت کو مزید مستحکم کرنے کیلیے کوشاں ہیں۔ ظفر بختاوری نے پاکستانی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ ملائیشین تاجروں کو پاکستان کے دورے اور ان کی دلچسپی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔

5

انہوں نے ملائیشین سیاحوں کو سیاحت کیلیے پاکستان دورے کی ترغیب پر بھی زور دیا اور کہا کہ ملائیشیا میں پاکستانی سفارتخانے کو ویزا پالیسی میں نرمی برتنی چاہیے تاکہ وہاں کے لوگ باآسانی پاکستان آسکیں۔ انہوں نے ملائیشیا سے براہ راست پروازوں کے ذریعے لنک پر بھی زور دیااور اسلام آباد میں آسیان کیپٹل چیمبرز کانفرنس سے متعلق آئی سی سی آئی کے پلان سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر ملائیشیا میں پاکستانی ہائی کمشنر شاہد کیانی نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کی دلچسپی کے شعبوں میں کاروبارکے فروغ کیلیے کوششوں کا یقین دلایا۔ اسلام آباد چیمبر کے سابق صدر منور مغل نے کہا کہ پاکستان ویلیو ایڈڈ پراڈکٹس کی برآمدات کی بھرپور گنجائش رکھتا ہے۔ کمرشل قونصلر وجیہ کندی، پاک ملائیشیا بزنس کونسل کے صدر شہزادہ خرم، نائب صدر ریاض ملک کے علاوہ دیگربھی اس موقع پر موجود تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں