اوپن لیٹر گاڑیاں 18 اپریل تک نام کرالی جائیں پولیس ترجمان

ایسٹ زون کا 4 فیصد نوگو ایریا ہے، پولیس داخل نہیں ہوسکتی، آپریشنز میں فیصل ڈکیت ، وسیم سیال سمیت 20۔۔۔،عمران شوکت


Staff Reporter April 07, 2013
علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کی واردات کا مقدمہ اوپن لیٹر گاڑیوں کے مالک کیخلاف درج کرکے تفتیش کی جائیگی، گلی محلوں کے بیریئرز کا معاملہ پالیسی میٹر ہے۔ فوٹو: فائل

سندھ پولیس کے ترجمان اور ایس ایس پی ضلع ایسٹ عمران شوکت نے کہا ہے کہ ایسٹ زون میں3 سے4 فیصد علاقے ایسے ہیں جہاں عام شہری نہیں جاسکتے اور اگر پولیس کو ان علاقوں میں جانا پڑتا ہے تو پوری تیاری کے ساتھ جاتی ہے جبکہ زون کے 97 فیصد علاقے ایسے ہیں جہاں ہر شعبے سے تعلق رکھنے والا شہری بلا کسی خوف کے آ اور جا سکتے ہیں۔

یہ بات انھوں نے ڈی آئی جی ایسٹ آفس میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہی، ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت نے مزید بتایا کہ ایسٹ زون پولیس نے جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کورنگی مہران ٹائون اور گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں بھاری نفری، اے پی سیز اور300 کمانڈوز کے ہمراہ ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے بدنام زمانہ ملزم فیصل ڈکیت اور وسیم سیال عرف بہاری ولد محمد اسلم اور اس کے ساتھی سلیم ولد زمین خان کو گرفتار کر نے کے علاوہ 20 مبینہ جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کر لیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ،ایک رائفل ، ایک رپیٹر ، 17 ٹی ٹی پستول ، متعدد گولیاں ، چھینی ہوئی موٹر سائیکلیں اور منشیات برآمد کی گئی ہے، گرفتار3 ملزم فیصل ڈکیت ، وسیم سیال عرف بہاری، سلیم ولد زمین خان پولیس کو قتل اقدام قتل ، ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے، ایک اور کارروائی میں ایسٹ پولیس نے گلستان جوہر میں پٹرول پمپ لوٹنے والے ملزم آصف کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا ہے،انھوں نے بتایا کہ پیٹرول پمپ لوٹنے کی واردات میں 2 افراد بھی ہلاک ہو ئے تھے۔

2

عمران شوکت نے بتایا کہ ایسٹ زون میں 3 سے 4 فیصد علاقے ایسے ہیں جہاں عام شہری نہیں جاسکتے اور اگر پولیس کو ان علاقوں میں جانا پڑتا ہے تو پوری تیاری کیے ساتھ جاتی ہے کیونکہ پولیس کو ان علاقوں میں داخل ہونے پر مزاحمت ہونے کا اندیشہ ہوتا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ڈالمیا اور شانتی نگر نوگو ایریا نہیں رہا اور مسلسل ٹارگٹڈ آپریشنز کے بعد علاقے کو جرائم پیشہ افراد سے کلیئر کرکے پولیس چوکی قائم کردی گئی ہے اور اب شانتی نگر میں کسی بھی شعبے سے تعلق رکھنے والے عام و خاص شہری کسی بھی وقت آ اور جا سکتے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ پی آئی بی کالونی میں کچھ علاقہ ایسا ہے جہاں پولیس پوری تیاری کے ساتھ داخل ہوتی ہیں کیو نکہ پولیس کو مزاحمت کا اندیشہ ہوتا ہے،جو علاقے جرائم پشہ عناصر کی پناہ گاہ ہیں وہاں ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہیں گے،جو شہری اوپن لیٹر پر اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل چلا رہے ہیں وہ 18 اپریل تک گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں اپنے نام رجسٹریشن کروا لیں بصورت دیگر انھیں جرائم پیشہ افراد کا ساتھی تصور کرتے ہوئے دفعہ 54 کے تحت گرفتار کر لیا جائے اور اس علاقے میں جو بھی ٹارگٹ کلنگ کی واردات ہوئی ہو گی تو گرفتار افراد کو اس واقعے میں زیر تفتیش لایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اوپن لیٹر پر گاڑی اور موٹر سائیکل چلانا قانونی جرم ہے اور گاڑیاں و موٹر سائیکلیں خریدنے کے بعد لازمی ہوتا ہے کہ15روز میں گاڑیاں و موٹر سائیکلیں نام رجسٹرڈ کرائی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ گلیوں اور محلوں میں بیریئر لگے ہونے کا معاملہ پالیسی میٹر ہے اور بعض علاقوں کی گلیوں اور محلوں میں سیکیورٹی کی وجہ سیسی پی ایل سی اور کمیونٹی پولیسنگ کے تحت بیریئر لگائے گئے ہیں اور بیریئر لگائے جانے کے بعد ان علاقوں میں جرائم کی وارداتوں میں نمایاں کمی بھی واقع ہوئی ہے ، پریس کانفرنس کے موقع پر ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گرفتار کر کے لائے جانے والے مبینہ ملزمان نے چیخ و پکار مچادی اور چہروں سے کپڑے ہٹا دیے، ان کا کہنا تھا کہ وہ بے گناہ ہیں اور پولیس نے انھیں بلا جواز گرفتارکیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔