پیسے نہ دینے پر شوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا

رقیہ بی بی کا جسم 22 فیصد جھلس گیا ہے، چہرہ زیادہ متاثر ہوا ہے، ایم ایل او سول اسپتال


Staff Reporter April 07, 2013
نصرت بھٹو کالونی میں تیزاب پھینکنے کے واقعے میں جھلسنے والی خاتون شوہر کے ہمراہ بیٹھی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

نصرت بھٹو کالونی میں پیسے نہ دینے پرشوہر نے بیوی پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں خاتون جھلس کر شدید زخمی ہوگئی۔

تیزاب پھینکنے کے واقعے میں 4 بچے اور خاتون بھی معمولی زخمی ہوئی، تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب نصرت بھٹوکالونی بولان ہوٹل والی گلی میں واقع مکان نمبر A-442 میں شوہر محمد اصفر نے گھر پہنچنے کے بعد بیوی28 سالہ رقیہ بی بی سے پانی مانگا ، بیوی پانی لے کر آئی تو شوہر محمد اصفر نے تیزاب پھینک دیا اور موقع پر سے فرار ہو گیا ، تیزاب پھینکنے کے نتیجے میں رقیہ بی بی جھلس کر شدید زخمی ہو گئی جبکہ واقعے میں رقیہ بی بی کے 4 بچے اور والدہ بھی زخمی ہو گئیں جنھیں فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا گیا۔

ایم ایل او سول اسپتال آفتاب چنڑ کے مطابق تیزاب پھینکے جانے کے باعث رقیہ بی بی کا جسم 22 فیصد جھلس گیا ہے اور زخمی خاتون کا چہرہ زیادہ متاثر ہوا ہے، انھوں نے بتایا اسپتال جانے والے 4 بچے وقاص، حسنین ، احمد اور عثمان سمیت ایک خاتون پروین بھی معمولی زخمی ہوئی ہیں، بعد ازاں جھلس کر زخمی ہونے والی خاتون کو سول اسپتال کے برنس وارڈ میں منتقل کردیا گیا، ڈی ایس پی شاہد عباس نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ زخمی خاتون گھریلو ملازمہ ہے اور خاتون کا آبائی تعلق ضلع مظفر گڑھ تحصیل علی پور سے ہے۔

8

انھوں نے بتایا کہ زخمی خاتون کا شوہر محمد اصغر نشے کا عادی اور بے روز گار ہے جبکہ محمد اصغر کا آبائی تعلق رحیم یار خان سے ہے، انھوں نے بتایا کہ محمد اصغر نے بیوی سے20 ہزار روپے مانگے تھے اور نہ دینے پر محمد اصغر نے بیوی رقیہ بی بی پر تیزاب پھینک دیا اور موقع پر سے فرار ہوگیا، انھوں نے بتایا کہ تیزاب پھینکے جانے کا واقعہ گھریلو تنازعہ معلوم ہوتا ہے، انھوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مفرور محمد اصفر کی تلاش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب زخمی خاتون رقیہ بی بی کے اہلخانہ نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت محمد اصفر کے 2 بھائی محمد اکبر ، عباس اور 2 نامعلوم افراد بھی موقع پر موجود تھے اور محمد اصفر ان کی گاڑی میںہی سوار ہوکر فرار ہوا ہے، انھوں نے بتایا کہ محمد اصغر کا ایک بھائی عباس سخی حسن قبرستان میں گورکن ہے ،انھوں نے بتایا کہ محمد اصفر اور اس کے بھائی فون کر کے ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں بھی دے رہے ہیں ،انھوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاہے کہ انہیں انصاف دلایا جائے اور واقعے کے ذمے دار محمد اصغر اور اس کے بھائیوں کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔