کراچی میں حسین حقانی کیخلاف ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج

حسین حقانی پر ٹی وی شوز میں پاکستان کی سالمیت کے خلاف باتیں کرنے کا الزام ہے


ویب ڈیسک March 21, 2018
مقدمہ مولوی اقبال حیدر ایڈوکیٹ کی درخواست پر درج کیا گیا ہے، ایس ایس پی ساؤتھ: فوٹو: فائل

پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق سفیرحسین حقانی کے خلاف ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق سفیر برائے امریکا حسین حقانی کے خلاف ایم اے جناح روڈ کے قریب پریڈی تھانے میں مولوی اقبال حیدرایڈوکیٹ کی درخواست پرمقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ سرفرازنواز کے مطابق مقدمے میں حسین حقانی پرٹی وی شوزمیں بیٹھ کرپاکستان کی سالمیت کے خلاف باتیں کرنے کا الزام ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: میمو اسکینڈل؛ حسین حقانی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

رواں ماہ کے آغازمیں بھی سپریم کورٹ نے میموگیٹ کیس میں حسین حقانی کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا تھا۔ حسین حقانی میموگیٹ کیس میں مفرور ہیں اور ایف آئی اے انہیں انٹرپول کے ذریعے امریکا سے گرفتار کرکے وطن واپس لانے کی کوشش کر رہی ہے۔

میموگیٹ کیس


2011 میں امریکا نے ایبٹ آباد میں ایک گھر پر حملہ کرکے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو قتل کردیا تھا، جس کے بعد اس وقت امریکا میں متعین پاکستان کے سفیر حسین حقانی کی جانب سے امریکی تاجر منصور اعجاز کی وساطت سے امریکی حکام کو مبینہ طور پر ایک خط بھیجا گیا تھا۔ جس میں کہا گیا تھا کہ آپریشن کے بعد پاکستان میں فوجی بغاوت کا خطرہ ہے اس لئے امریکا پاکستان میں برسراقتدار جمہوری حکومت کی مدد کرے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔