ڈیوس کپ ٹینسجمہوریہ چیک کو ڈبلز مقابلے میں مات

قازقستان کیخلاف ٹائی پر2-1 سے گرفت مضبوط، انڈونیشیا پربھارت کو برتری۔

قازقستان کیخلاف ٹائی پر2-1 سے گرفت مضبوط، انڈونیشیا پربھارت کو برتری. فوٹو: رائٹرز

ڈیوس کپ ورلڈ گروپ کوارٹر فائنل میں جمہوریہ چیک کو ڈبلز میں قازقستان نے مات دے دی،البتہ ٹائی پر2-1 سے گرفت مضبوط ہے۔

آسٹریلیا کو ازبکستان پر سبقت مل گئی، انڈونیشیا کیخلاف بھارت کو 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق الماتے میں جاری ورلڈ گروپ کوارٹر فائنل ٹائی میں میزبان قازقستان نے ڈبلز مقابلہ جیت لیا،ٹائی پر 2-1 سے جمہوریہ چیک کی برتری قائم ہے، ڈبلز میں میزبان کھلاڑیوں آندرے گلوبوف اور یوری شوکین نے چیک پلیئر جان ہائیک اور راڈک اسٹیپنک کو 7-6 (7/2)، 6-4 اور 6-3 سے مات دی،اس سے قبل ابتدائی دونوں سنگلز جمہوریہ چیک کے نام رہے ، جس میں لوکاس روسول نے آندرے گلوبوف اور جان ہائیک نے میخائل کوکوشین کو زیر کیا تھا۔

ورلڈ گروپ کوارٹر فائنلز کے دیگر مقابلوں میں کینیڈا اور اٹلی کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہے، امریکا اور سربیا نے بھی ابتدائی سنگلز میں ایک ایک کامیابی حاصل کرلی، فرانس اور ارجنٹائن کا مقابلہ بھی فی الحال 1-1 سے برابر ہے۔تاشقند میں ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی میں میزبان ازبکستان پر آسٹریلیا نے 2-1 سے سبقت حاصل کرلی، ہفتے کو ڈبلز مقابلے میں لیٹن ہیوٹ اور میتھیوایبڈن نے میزبان فرخ دستوف اور ڈینس استومن کو زیر کرلیا، مہمان پلیئرز کی جیت کا اسکور 7-5،6-7(4/7)،6-4،3-6اور6-3 رہا۔


 



اس سے قبل ابتدائی سنگلز میں آسٹریلیا کے لیے برنارڈ ٹومک نے فرخ کو 7-6(8/6)،6-4 اور 6-4 سے مات دے کر فتح پائی تھی، ازبک پلیئر ڈینس استومن نے مارینکو میٹسووچ کو 6-4،7-6(7/1)،3-6 اور 6-4 سے مات دیکر حساب برابر کیا تھا۔آسٹریلیا کو 2007 کے بعد ورلڈ گروپ پلے آف میں رسائی کی امید ہے، ٹائی کے جیتنے پر اسے ورلڈ ایلیٹ گروپ میں شامل ہونے کا دوبارہ موقع مل سکے گا۔

بنگلور میں ایشیا اوشیانا گروپ ون ٹائی میں میزبان بھارت نے انڈونیشیا کیخلاف 3-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی،ہفتے کو ڈبلز میں لینڈرپیس اور صنم سنگھ نے البرٹ سائی اور ڈیوڈ سوسانتو کو 6-2،6-1 اور 6-4 سے زیر کیا، جمعے کو منعقدہ ابتدائی سنگلز میں سومودیو ورمن نے وشنو آدی نوگورہ کو قابو کیا جبکہ بھارت کے دوسرے پلیئر یوکی بھمبری نے کرسٹوفر رنگکٹ کو مات دی تھی، ریورس سنگلز اتوار کو شیڈول ہیں۔فلپائن نے تھائی لینڈ پر 2-1 سے سبقت حاصل کرلی۔
Load Next Story