ڈالر کی قدر میں ریکارڈ اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

حکومت روپے کی قدر میں کمی روکتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے، قرارداد میں مطالبہ


ویب ڈیسک March 21, 2018
ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملکی قرضوں میں 500ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے، قرارداد کا متن فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف نے روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں ریکارڈ اضافے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید کی جانب سے جمع کرائی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر اڑتا دکھائی دے رہا ہے جو کہ 5 سالہ تجربہ کار حکومتی ٹیم کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اس وقت معاشی طور پر تباہی کے راستے پر گامزن ہے۔ ڈالر مہنگا ہونے سے بین الاقوامی تجارت میں ادائیگیوں کا توازن بگڑ گیا۔ خام تیل سمیت دیگر اشیاء کی درآمدی اخراجات میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔ چند گھنٹوں میں ملکی قرضوں میں 500 ارب روپے کا اضافہ ہوگیا ہے مگر تجربہ کار حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات سامنے نہیں آئے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ حکومت روپے کی قدر کم ہونے کو روکتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جنھوں نے ملک کو اس دلدل میں پھنسایا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔