ٹینس سیمی فائنل میں ولیمز سسٹرز آمنے سامنے ہوں گی

2009 کے بعد پہلا موقع،کیرولین ووزینسکی کی کہانی ووئجل نے ختم کردی.

جیلینا جینکووچ نے کیریئر کی 500ویں فتح پاتے ہوئے ایوگین بوچارڈ کوپچھاڑدیا۔ فوٹو: فائل

امریکی ٹینس اسٹارسرینا اور وینس نے فیملی سرکل کپ ٹینس کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

2009 کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ولیمز سسٹرز ٹینس کورٹ میں آمنے سامنے ہوں گی، سیکنڈ سیڈ کیرولین ووزینسکی کی کہانی اسٹیفنی ووئجل نے ختم کردی ، جیلینا جینکووچ نے کیریئر کی 500ویں فتح پاتے ہوئے ایوگین بوچارڈ کو 6-2،6-1 سے پچھاڑ کر فائنل فور میں شمولیت کا پروانہ حاصل کیا۔تفصیلات کے مطابق دونوں بہنوں نے بارش سے متاثرہ ایونٹ میں یکے بعد دیگرے دو، دو میچزکھیل کرفائنل فور میں جگہ بنائی، گذشتہ روز بارش کے سبب تیسرے رائونڈ کے میچز ملتوی کردیے گئے تھے، ٹاپ سیڈ اور دفاعی چیمپئن سرینا ولیمز نے پہلے تیسرے مرحلے میں ہم وطن امریکی حریف میلوری بروڈیٹ کو 6-4،6-2 سے قابو کیا۔

 




پھر کوارٹر فائنل میں 6 سیڈ جمہوریہ چیک کی لوسیا سفارووا کو 6-4،6-1 سے ٹھکانے لگایا، دوسری جانب ان کی بڑی بہن اور5 سیڈ وینس نے بھی ہموطن وارویرا لیپچنکو کو 6-2،4-6 اور 6-2 سے مات دیکر کوارٹر فائنل میں قدم رکھا، پھر میڈیسون کیز کیخلاف 6-4،6-4 سے ملنے والی فتح نے انھیں اپنی چھوٹی بہن سرینا کے مقابل سیمی فائنل میں پہنچادیا، سرینا ٹینس کورٹ میں تمام آداب بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی بڑی بہن وینس کو کوئی رعایت دینے پر آمادہ نظر نہیں آتیں، ان کا کہنا ہے کہ اگر میں ایک دن میں دو میچز جیت سکتی ہوں تو پھر ٹائٹل پر قبضہ برقرار رکھنے کے لیے مزید دو مقابلے نہ جیت پانے کا میرے پاس کوئی عذر نہیں ہوگا۔

واضح رہے کہ سرینا اور وینس اسی دن ڈبلز میں بطور جوڑی دار بھی میدان میں اتریں گی، اس سے قبل سنگلز مقابلوں میں دونوں امریکی بہنیں 2009 کی دوحا چیمپئن شپ میں مدمقابل آئی تھیں، جہاں پر سرینا نے وینس کو مات دیکر فائنل جیت لیا تھا، اس سے قبل سرینا نے اپنی بہن کو 2008 کے ومبلڈن فائنل میں بھی زیر کیا تھا، دیگر میچز میں 9 سیڈ سربیا کی جیلینا جینکووچ نے کینیڈین حریف ایوگین بوچارڈ کو 6-2،6-1 سے پچھاڑ کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، یہ جینکووچ کے کیریئر کی500 ویں فتح بنی، سیمی فائنل میں ان کے مقابل پہنچنے والی سوئس پلیئر اسٹیفنی ووئجل نے سیکنڈ سیڈ ڈنمارک کی کیرولین ووزینسکی کو 3-6،6-4 اور 6-3 سے ہرایا۔
Load Next Story