پرامن انتخابات کیلیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے ثروت اعجاز

حکومت سیکیورٹی پلان تیارکرے،کالعدم جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے.


Staff Reporter April 07, 2013
حکومت سیکیورٹی پلان تیارکرے،کالعدم جماعتوں پر پابندی عائد کی جائے۔ فوٹو: فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پرامن انتخابات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکومت سیکیورٹی پلان تیارکرے۔

انتخابات کے انعقاد کو پر امن اور شفاف بنانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا جائے، انتخابات میں کالعدم جماعتوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کی جائے،کراچی میں جاری ٹارگٹ کلنگ کے خاتمہ کیلیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، پاکستان سورہ رحمٰن کی تفسیر ہے اور پوری قوم پاکستانی ہونے پر نہ صرف فخر کرتی ہے بلکہ اس کیلیے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے، ملک کے حالات کو خراب کرنے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے مرکز اہلسنت پر نیوکراچی سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

 

3

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں تاکہ جمہوری قدروںکو مضبوط و مستحکم کیا جاسکے، عوام جمہوریت سے مایوس نہیں بلکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے پریشان ہیں، پاکستان سنی تحریک سمجھتی ہے کہ جمہوریت کے تسلسل میں ہی عوامی حقوق کا حصول ممکن ہے، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے ساتھ ملک کی ترقی وخوشحالی بھی جمہوریت کے تسلسل سے ہی آئے گی، انھوں نے کہا کہ کراچی میں انتہا پسند دہشت گردوں نے پاؤں جمالیے ہیں۔

ان کو کمزور کرنے کے لیے حکمرانوں کو اپنی ذمے داری ادا کرناہوگی کیونکہ عوام کی جان ومال کا تحفظ کرنا حکمرانوں کی ذمے داری ہے ، نگراں حکومت عوام کی جان ومال کے تحفظ کے ساتھ کراچی سمیت ملک بھر سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے، انھوں نے کہاکہ درست اور ٹھیک قیادت کا انتخاب عوام کا حق ہے، 11 مئی کو عوام سے پر امید ہیں کہ وہ درست فیصلہ کریںگے کیونکہ درست فیصلے سے ہی معیشت کی بحالی، مہنگائی وبیروزگاری اور لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں