نواز شریف شہباز عمران فریال تالپور قائم علی شاہ کے کاغذات نامزدگی بھی منظور اویس لغاری مراد علی شاہ

کل سے اپیلیںدائر ہوسکیں گی، غیر ضروری سوال نہ پوچھے جائیں، الیکشن کمیشن


شیخ رشید،طلال بگٹی،اچکزئی، وٹو،پرویز الٰہی بھی کلیئر، چوہدری نثار، مشرف، حنیف عباسی فیصلے کے منتظر، 24094فارم میں سے20473 کی پڑتال مکمل،اسکروٹنی کا آج آخری دن، کل سے اپیلیںدائر ہوسکیں گی، غیر ضروری سوال نہ پوچھے جائیں، الیکشن کمیشن

ملک بھر میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل ہفتے کو چھٹے روز بھی جاری رہا ، میاں نوازشریف، شہباز شریف، حمزہ شہباز، عمران خان، شیخ رشید، شاہد خاقان عباسی، فریال تالپور، طلال اکبر بگٹی اور فضل الرحمٰن کے کاغذات نامزدگی منظور،اویس لغاری سمیت متعددامیدواروں کے مسترد جبکہ پرویزمشرف پر مزیداعتراضات لگ گئے۔

چوہدری نثار ،زمرد خان اورملک ابرارکافیصلہ آج (اتوار کو) ہوگا۔این اے 68سے نوازشریف، این اے 122سے عمران خان، پی پی 247 سے شہباز شریف ، این اے 24 ، 25 ٹانک سے مولانا فضل الرحمن،این اے 207لاڑکانہ سے فریال تالپور، این اے 250سے غنویٰ بھٹو، این اے 259سے محمود اچکزئی اور طلال بگٹی، این اے 145سے صمصام بخاری، این اے 128 اور پی پی 161 پر منظور وٹو، این اے 79 سے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونیوالے چوہدری شریف کے بیٹے چوہدری بابر ، این اے 55 راولپنڈی سے شیخ رشید احمد اور پی ایس 29 خیرپور پر سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے کاغذات منظورکرلیے گئے۔ شاہ نواز راجہ، شاہد خاقان عباسی، سردار خرم نواب، سردارغلام عباس، سردا رآفتاب اکبر ، چوہدری اعجازحسین فرحت، عاطف مزاری کے کاغذات بھی منظور ہوگئے۔

جے یو آئی اے (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے کاغذات نامزدگی دونوں حلقوں سے منظور کیے گئے۔سکھر سے ایم کیو ایم کی جانب سے پی ایس 1 اور این اے 198کیلیے امیدوار اشفاق منگی سمیت مسلم لیگ فنگشنل سے سابق ایم این اے خورشید افغان سمیت دیگر آزاد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیے گئے۔ امین فہیم کے حلقے این اے 218 سے متحدہ قومی موومنٹ کے وسیم حسین اور جے یوآئی کے اعظم جہانگیری، پی ایس 24 پر نرگس نازو دیگر امیدواروں کے فارم بحال کردیے گئے۔

جن سیاسی رہنمائوں کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے گئے ان میں پی پی 248 سے اویس لغاری، پی پی13سے متوقع امیدوار چوہدری سرفراز افضل شامل ہیں، پی پی4 گوجرخان سے ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر راجہ شوکت عزیزبھٹی کی ڈگری جعلی ہونے پر ان کے کاغذات مستردکردیے گئے ۔کوٹری اور ٹھٹھہ سے نمائندگان ایکسپریس کے مطابق ضلع جامشورو سے سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 73 سیہون سے سابق صوبائی وزیر سید مراد علی شاہ کے کاغذات نامزدگی دہری شہریت کے باعث مسترد کر دیے گئے۔ مراد علی شاہ پی پی کی سابقہ حکومت میں صوبائی وزیر ریونیو تھے۔ ان کی رُکنیت دہری شہریت کے باعث ختم ہوئی تھی، تاہم 18 فروری کے ضمنی الیکشن میں وہ دوبارہ کامیاب ہو گئے تھے ۔

1

ٹھٹھہ سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 237 پر پی پی کے امیدوار و سابق صوبائی وزیر صادق میمن کے کاغذات بھی دہری شہریت کی وجہ سے مسترد کردیے گئے۔جن امیدواروںکے معاملات کی سماعت آج ہوگی ، ان میں سابق صدر پرویز مشرف بھی شامل ہیں۔ این اے 250 کراچی پر مخالف امیدوار نعمت اللہ خان اور پاسبان پاکستان کے صدر الطاف شکورنے پرویز مشرف کے کاغذات کو چیلنج کردیا ہے، نعمت اللہ خان نے موقف اختیار کیا ہے کہ پرویز مشرف نے دوبار آئین توڑا ہے، انھیں نااہل قرار دیا جائے ۔ این اے 48 پر پرویز مشرف کے کاغذات پر اعتراضات کی سماعت آج ہوگی، ریٹرننگ افسر نے سابق صدر کو پیشی سے مستثنیٰ قرار دیا ہے۔ این اے 32 چترال پر پرویز مشرف کے کاغذات پر اعتراضات کا فیصلہ آج تک محفوظ کرلیا گیا، این اے 56 پر عمران خان اور حنیف عباسی پر اعتراضات کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا جو آج سنایا جائیگا۔

ن لیگ کے خواجہ آصف بھی آج طلب کیے گئے ہیں۔ سکھر میں این اے 199 سے پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار اور سابق وفاقی وزیرسید خورشید شاہ اور سابق وزیر جام سیف اللہ دھاریجو کے کاغذات پر اعتراضات آگئے ہیں۔ این اے 218 پر پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما مخدوم امین فہیم ہفتے کو ریٹرننگ افسر کے روبرو پیش ہوئے، انھیں اتوار کو بھی طلب کیا گیا ہے۔دریں اثنا الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھرسے 24094 کاغذات نامزدگی موصول ہوگئے جن میں 20473 کی ابتدائی جانچ پڑتال کرکے ریٹرننگ افسران کو جوابات ارسال کردیے گئے ہیں،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ آج اتوار کو مکمل ہوگا،کل پیرسے امیدواروںکے کاغذات نامزدگی منظور یا مستردکیے جانے کیخلاف اپیلیں دائر کی جاسکیںگی۔

10 سے 16 اپریل تک ملک بھرمیںقائم اپیلٹ ٹریبونلز ان اپیلوں پرسماعت کرینگے۔ ادھر قومی اسمبلی میں 10 اقلیتی نشستوں کیلیے 68 امیدواروں کے کاغذات منظورجبکہ 98 کے مسترد کر دیے گئے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے امیدواروں سے غیر ضروری سوالات نہ کرنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی کاپیاں ملک بھر کے ریٹرننگ افسران کو ارسال کردیں ۔ عدالت نے گزشتہ روز اپنے فیصلے میں ریٹرننگ افسران کو امیدواروں سے غیر ضروری سوالات کرنے سے روک دیا تھا،اے پی پی کے مطابق الیکشن کمیشن کے ڈی جی شیرافگن خان کے مطابق ریٹرننگ افسران کو خطوط ارسال کرکے انھیں کہا گیا ہے کہ وہ امیدواروں سے غیر ضروری سوالات پوچھنے سے گریز کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |