موت کی یاد دلانے والا عجیب ریسٹورینٹ

ڈھانچے کے ساتھ تصویر کھنچوانے، تابوت میں لیٹنے اور وصیت لکھنے تک کی سہولت یہاں میسر ہے


ویب ڈیسک March 22, 2018
ڈھانچے کے ساتھ تصویر کھنچوانے، تابوت میں لیٹنے اور وصیت لکھنے تک کی سہولت یہاں میسر ہے۔ (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس میں کوئی شک نہیں کہ انسان کو ہر وقت موت کو یاد رکھنا چاہیے لیکن بنکاک، تھائی لینڈ میں ''کڈمائی کیفے'' کے نام سے ایک ایسا ریسٹورینٹ بنایا گیا ہے جو یہاں آنے والوں کو ہر وقت مختلف انداز میں موت کی یاد دلاتا رہتا ہے۔

اس ہوٹل میں مصنوعی انسانی ڈھانچوں سے لے کر تابوت تک موجود ہیں جبکہ جابجا ایسے پیغامات کی تختیاں لگائی گئی ہیں جو موت، بیماری، بڑھاپے اور تکلیف وغیرہ کو اجاگر کرتی ہیں۔

ریسٹورینٹ بنانے والوں کا کہنا ہے کہ دنیا میں اب تک جانوروں سے لے کر بیت الخلاء تک، کم و بیش ہر موضوع کا خصوصیت سے اظہار کرنے والے ہوٹل (themed cafe) بنائے جاچکے ہیں لیکن اب تک کسی کا خیال موت کی طرف نہیں گیا تھا۔



کڈمائی کیفے میں آنے والوں کو ایسا ماحول پیش کیا جاتا ہے کہ جس میں وہ خود کو موت سے قریب تر محسوس کرتے ہیں۔ آپ چاہیں تو اضافی رقم دے کر کسی مصنوعی ڈھانچے کے ساتھ تصویر کھنچوا سکتے ہیں اور اگر مرضی ہو تو کچھ دیر کےلیے تابوت میں لیٹ کر یہ محسوس کرسکتے ہیں کہ مرنے کے بعد آپ پر کیا گزر سکتی ہے۔

ریسٹورینٹ مالکان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی مہمان، تابوت کا ڈھکنا بند کرکے تین منٹ تک اندر لیٹا رہے تو اس کے آرڈر پر 20 بھات کی خصوصی رعایت دی جائے گی۔



یہ کیفے اپنے مہمانوں کو اس بات کی سہولت بھی دیتا ہے کہ وہ کاغذ قلم لے کر اپنی وصیت بھی تحریر کرسکیں۔ یہ دنیا فانی ہے، اس خیال کو اجاگر کرنے کےلیے یہاں ایک خصوصی سائن بورڈ بھی لگایا گیا ہے جس کی عبارت کا مفہوم یہ ہے کہ آپ اس دنیا سے خالی ہاتھ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔