ملک بھر میں یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا گیا

یوم پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے


ویب ڈیسک March 23, 2018
ملک بھر میں آج یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جارہاہے؛ فوٹوایکسپریس

ملک بھر میں یوم پاکستان نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 ، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد اور دیگر مذاہب کی عبادت گاہوں میں پاکستان کی بقا، سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات ہوئیں۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ


یوم پاکستان کی مناسبت سے سب سے اہم تقریب اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں ہوئی جہاں مسلح افواج کی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ، وزیر دفاع خرم دستگیر، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمود حیات نے شرکت کی۔ سری لنکا کے صدر تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔

پریڈ میں بری، بحری اور فضائی افواج، فرنٹیئر کور، ناردرن لائٹ انفنٹری، آزاد کشمیر رجمنٹ اور اسپیشل سروسز گروپ نے حصہ لیا۔ تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے شاہینوں نے اپنی مہارت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ ملکی ثقافت کی عکاسی کرنے والے فلوٹس بھی پریڈ کا حصہ بنیں۔ پریڈ میں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اردن کے ملٹری بینڈ کے دستے نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران پاک فوج کے چاق و چوبند دستوں نے صدر مملکت ممنون حسین کو سلامی پیش کی جس کے بعد انہوں نے تقریب سے خطاب بھی کیا۔

یوم پاکستان کے سلسلے میں ایوان صدر میں بھی خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس میں مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی خصوصی تقاریب کا انعقاد کیاگیا، جن میں گورنر صاحبان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو ایوارڈ سے نوازا۔

واہگہ بارڈ پر پرچم اتارنے کی تقریب، شرکا کا جوش و خروش


یوم پاکستان کے موقع پر واہگہ بارڈ پر پرچم اتارنے کی روایتی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مرد و خواتین سمیت ہر عمر کے افراد نے ملی جذبے سے شرکت کی۔ وطن عزیز سے محبت کے جذبے سے سرشار شرکاء نے ملی نغمے گائے اور اپنے بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

رینجرزکے اسپیشل دستے نے شاندارپریڈ کا مظاہرہ کیا جب کہ بینڈ نے فنی صلاحیتوں کے جوہر سے شرکاء کے دل موہ لیے۔ رینجرز اسپیشل ایگزی بیشن ڈرل اسکواڈ صرف قومی تہواروں پرہی پریڈ کا مظاہرہ کرتا ہے۔

تقریب میں فضا پاکستان اور پنجاب رینجرز زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی جب کہ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں نے شرکاء کا لہو گرما دیا۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر رینجرز پنجاب بریگیڈئیر محمد عدنان عباسی نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

واہگہ بارڈر پر آہنی دروازے کے اس پار بھارتی اسٹیڈیم کا بالائی حصہ بالکل خالی پڑا رہا، بھارت نے پاکستان کے مقابلے میں کافی بڑا اسٹیڈیم بنایا لیکن اسے عوام سے بھرنا مشکل ہوگیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھی یوم پاکستان کا اہتمام، فضائیں قومی ترانے سے گونج اٹھیں


ادھر مقبوضہ کشمیر کی ویب سائٹ 'گریٹر کشمیر' کے مطابق دختران ملت کی سربراہ اور حریت پسند رہنما آسیہ اندرابی کی سربراہی میں مقبوضہ کشمیر میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے خواتین کی ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں خواتین نے سبز ہلالی پرچم تھامے ہوئے تھے، اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آسیہ اندرابی نے کہا کہ دنیا میں صرف دو قومیں موجود ہیں ایک واحد لاشریک پر یقین رہنے والے مسلمان اور دوسرے اہل کفار ہیں۔ 14 اگست 1947 کے بعد برصغیر کے مسلمانوں کی شناخت صرف اور صرف پاکستانی ہے بقیہ تمام قومیتیں ذاتی شناخت بن گئی ہیں۔

حریت پسند خاتون رہنما نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد تمام قومیتوں کی شناخت ذیلی شناختوں میں تبدیل ہو گئی ہیں اور سب سے بڑی و اہم شناخت پاکستان بن گئی ہے جو کہ قومی شناخت ہے۔ اسلام کی بنیاد پر، ایمان کی بنیاد پر، حضرت محمد ﷺ کی محبت اور قرآن کی دعوت پر برصغیر میں رہنے والا ہر مسلمان صرف اور صرف پاکستانی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں