وسط ایشیائی وزرا کی وزیر تجارت و سیکریٹری سے ملاقات

ویزا مسائل، ٹرانزٹ روٹس، فضائی وبینکاری روابط، تجارتی نمائشوں کے امور پر تبادلہ خیال


Waqai Nigar Khusoosi March 23, 2018
پرویزملک کا تجارتی روابط پر زور، ٹرانزٹ معاہدے میں تاجک شمولیت چاہتے ہیں،ڈھاگا۔ فوٹو: فائل

WASHINGTON DC: وزیر تجارت پرویز ملک اور سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے وسط ایشیائی ریاستوں کے وزرا نے ملاقات کی۔

وزیر تجارت پرویز ملک اور سیکریٹری تجارت یونس ڈھاگا سے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے وسط ایشیائی ریاستوں کے وزرا نے ملاقات کی، یہ وزرا یوم پاکستان کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہیں، ملاقات میں پاکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے حوالے سے مختلف امور پر غور کیاگیا۔

سیکریٹری تجارت محمد یونس ڈھاگا نے کہاہے کہ ویزے کے حصول میں آسانی، براہ راست پروازوں اور بینکاری کے شعبے میں روابط کے فروغ سے وسط ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارت بڑھانے میں مدد ملے گی۔

وزارت تجارت کے حکام کے مطابق سیکریٹری تجارت نے وزرا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ پاکستان اور وسط ایشیا کے درمیان براہ راست فلائٹ اور گارگو روابط کا نہ ہونا، ویزے کے حصول میں پائی جانے والی دشواریوں اور زبانیں مختلف ہونے کی وجہ سے تجارتی سرگرمیاں محدود ہیں، پاکستان نے افغانستان کے ساتھ ٹرانزٹ تجارت بڑھانے کے لیے تمام معاملات کو حل کیا ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ حکومت تاجکستان کو پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے میں شامل کرنے کے لیے مذاکرات کررہی ہے اورپاکستان نے چین کرغزستان اور قازقستان کے ساتھ 4 فریقی ٹریڈ ٹرانزٹ معاہدے کا بھی دوبارہ اطلاق کر دیا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر تجارت محمد پرویز ملک کا کہناتھاکہ پاکستان وسط ایشائی ملکوں کے ساتھ تجارت کو فروغ دینا چاہتا ہے، پاکستان اور وسط ایشیائی ملکون کے درمیان موجودہ تجارتی حجم اصل صلاحیت سے کم ہے، فریقین کو تجارتی حجم بڑھانے کے لیے باہمی روابط کو فروغ دینا ہو گا۔

ذرائع نے بتایاکہ ملاقات کے دوران تجارت اور ٹرانزٹ سہولت کے لیے معاہدوں کے حوالے سے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا اور ٹرانزٹ روٹس کے بارے میں نجی شعبے میں آگہی پیداکرنے، براہ راست پروازیں شروع کرنے، کارگو و بینکاری روابط کے قیام سمیت تجارتی نمائشیں منعقد کرانے کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔