کراچی رینجرز اور پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن 35 افراد گرفتار اسلحہ برآمد

ملزمان کے قبضے سے دو گاڑیاں بھی بر آمد ہوئی ہیں جن پر فورسز کی نمبر پلیٹیس لگی ہوئی ہیں۔


ویب ڈیسک April 07, 2013
کراچی: رینجرز اہلکار چھاپوں کے دوران برآمد کیا جانے والا اسلحہ میڈیا کو دکھا رہے ہیں۔ فوٹو : ایکسپریس

رینجرز اور پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران 35 افراد کو حراست میں لےلیا جب کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد کرلیاگیا۔


کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا ٹارگٹڈ آپریشن جاری ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سپرہائی وے ،جمالی گوٹھ ،سپرمارکیٹ چھوٹا پلازہ ،ناتھا خان، شیرپاوٴ کالونی ،میمن گوٹھ، ڈالمیا شانتی نگر، پرانی سبزی منڈی، پی آئی بی کالونی، شاہ لطیف ٹاوٴن، نشتر کالونی، حسین گوٹھ ناظم آباد اوربلاول شاہ ہزارہ گوٹھ میں کارروائی کی گئی۔ اس دوران 10 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے 7 مختلف اقسام کے ہتھیار برآمد کرلیے گئے، ترجمان رینجرز کا کہنا تھا کہ کارروائیوں کے بعد اب یہ علاقے نوگوایریاز نہیں رہے۔


دوسری جانب کلفٹن کےعلاقے بدرکمرشل میں پولیس کی بھاری نفری نے آپریشن کیا جس میں 25 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف ، 7ٹی ٹی پستول برآمد کی گئیں جب کہ زیر حراست افراد میں 2 خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے دو گاڑیاں بھی بر آمد ہوئی ہیں جن پر فورسز کی نمبر پلیٹیس لگی ہوئی ہیں۔


اس سے قبل ایس پی کلفٹن سرفراز نواز نے میڈیا کو بتایا کہ بدر کمرشل میں جرائم پیشہ افراد سے متعلق مکمل معلومات اکٹھی کی گئیں اور 58 افراد کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن کیا گیا، پولیس کی بھاری نفری نے بدر کمرشل مین داخل ہو کر علاقے کو مکمل طور پر سیل کردیا سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی بھی لی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں