خوابوں کی تعبیر

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔


آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

 

خوبصورت چادر خریدنا
امجد بھٹی، لاہور
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے والدین کے ساتھ کہیں بازار جا رہا ہوں ، میرے والدین کو کوئی جاننے والے اسی بازار میں ملتے ہیں تو وہ ان سے بات چیت کرنے لگ جاتے ہیں۔ میں بور ہو کر آگے مارکیٹ میں گھومنے لگ جاتا ہوں۔ اسی دوران میری نظر ایک خوبصورت چادر پر پڑتی ہے تو میں رک کر اسے دیکھنے لگتا ہوں۔ اس کے رنگین ڈیزائن مجھے اتنے پسند آتے ہیں کہ میں باقاعدہ طور پر ان کو پکڑ پکڑ کر دیکھتا ہوں۔ پھر میں اسے خرید کر اپنے بیگ میں رکھ لیتا ہوں، اس کے بعد مجھے نہیں یاد کہ کیا ہوا۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو ایک نیک شریک حیات ملے گی۔ جس سے آپ کو بھی ہدایت ملے گی ۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہو گی، مال و وسائل میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کوشش کریں کہ اللہ کی راہ میں کچھ خیرات کر دیں۔

پھولوں کی کیاریاں
ام النورین، فیصل آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں اور باقی فیملی کے لوگ کسی باغ میں سیر کرنے آئے ہیں۔ باقی گھر والے تو ایک جگہ پر بیٹھ کر باتیں کرنے لگ جاتے ہیں مگر میرے میاں مجھے اشارہ کرتے ہیں تو ہم اٹھ کر گھومنے چل پڑتے ہیں۔ آگے ہی کسی قطعہ پر بہت ہی خوبصورت پھول لگے ہوتے ہیں اور گلابوں کی کیاریاں بنی ہوتی ہیں ۔ میں وہاں رک جاتی ہوں اور اپنے میاں کو بھی وہ پھول دکھاتی ہوں۔
تعبیر: یہ خواب اچھا ہے، اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے کسی نیک اور صالح فرزند کو ظاہر کرتا ہے جو آپ کے لئے توقیر اور عزت کا باعث ہو گا ۔ آپ کے خاندان کے نام کو وقار و عزت دے گا ۔ آپ کے رزق میں بھی اضافہ ہو گا اور آپ کے مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام و سکون ہو گا ، آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

حجام گھر آ کر بال کاٹتا ہے
ارشد علی، فیصل آباد
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں کچھ دن کے لئے چھٹیاں گزارنے اپنے گائوں آتا ہوں اور ایک دن گائوں کا حجام ہمارے گھر آتا ہے اور کہتا ہے کہ وہ میری حجامت بنانے آیا ہے۔ وہ مجھے اپنے پاس بٹھا لیتا ہے اور میری حجامت بناتے ہوئے مجھے آسانی دیتے ہوئے کہتا ہے کہ میں نے سوچا کہ آپ کو آنے کی تکلیف نہ اٹھانی پڑے۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی زندگی میں نکھار پیدا ہو گا ۔ عمر میں برکت ہو گی، رزق میں اضافہ اللہ کی مہربانی سے ہو گا جس سے یقینی طور پر مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ اگر اللہ نہ کرے کوئی بیماری ہے تو شفا کاملہ عطا ہو گی ۔ آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

اناج کے ڈھیر
عمارہ وسیم، لاہور
خواب : یہ خواب میرے میاں نے دیکھا ہے اور وہ دیکھتے ہیں کہ ہماری جو دکان ہے اس کے پیچھے ہی ہمارا گودام ہے جو ہم سامان رکھنے کے لئے استعمال کرتے ہیں۔ وہاں صفائی کے دوران دیکھتے ہیں کہ جگہ جگہ کھلے اناج کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں اور جگہ جگہ پڑے ہوتے ہیں۔ جبکہ میرے میاں عام طور پر اناج کو اس طرح کھلا نہیں رکھتے۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ مال و وسائل میں بھی بہتری آئے گی۔ دولت بھی ملے گی جس سے خوشی نصیب ہو گی۔ گھر میں آرام و سکون ملے گا ۔ دین و دنیا دونوں میں بھلائی آئے گی ۔ عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

زیور بیچنا
تبسم کوثر، وہاڑی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں نے جو زیور شادی پر تحفتاً پائے تھے اور بعد میں اپنی ساس کے پاس رکھوا دیئے تھے۔ دیکھتی ہوں کہ میرے میاں نے ان سے لے کر کہیں بیچ دیا ہے حتیٰ کہ وہ چین اور انگوٹھی جو ان کو دی تھی وہ بھی انہوں نے بیچ دی ہے۔ دوسرے منظر میں مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ جیسے بیچنا وہ اپنا چاہتے تھے اور وہی نکالا اس کے بعد کا حصہ مجھے یاد نہیں مگر یہ سوچ کافی مضبوطی سے آنکھ کھلنے کے بعد بھی رہی ۔
تعبیر: مرد اور عورت کے لئے سونے کی تعبیر الگ ہے، یہ خواب اچھا ہے ، پریشانی کی بات نہیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے رزق میں اضافہ ہو گا اور گھر و کاروبار میں برکت ہو گی ۔ کسی پریشانی یا مشکل وقت سے نجات حاصل ہوگی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا شکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔

جیل نما جگہ پر بند ہونا
منصور علی، لاہور
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی جیل نما جگہ پر بند ہوں، کہیں سے بھی باہر جانے کا راستہ نہیں ہے، اگر کہیں ہے بھی تو وہاں جیل کی طرح کے دروازے لگے ہوئے ہیں ۔ اگلے منظر میں دیکھتا ہوں کہ میں اسی عمارت کی چھت پر کھڑا اذان دے رہا ہوں اور پھر جانے کہاں سے ادھر لوگ آ جاتے ہیں جو میرے ساتھ ادھر نماز پڑھنے لگ جاتے ہیں ۔ اس کے بعد جب میں دوبارہ ان کمروں کی طرف جاتا ہوں جہاں پہلے بھی گیا تھا اور سلاخیں نما دروازے دیکھ کر واپس آ گیا تھا، وہاں اب کچھ نہیں ہوتا بلکہ کمروں میں دروازوں کی جگہ ہوتی ہی نہیں بس چوکور سا خلا ہوتا ہے ۔ میں نارمل انداز میں باہر نکل کر گھر کی طرف چل پڑتا ہوں۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو کسی پریشانی غم یارکاوٹ کو دور کرنے کی طرف اشارہ کرتا ہے یعنی اس سے نجات پا کر آپ کی عزت و توقیرپھر سے بحال ہوجائے گی اور پریشانیاں و رکاروٹیں دور ہوکر کاروبار میں بھی برکت ہوگی، سکون ہوگا ، آپ نمازپنجگا نہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کاورد کریں ۔

تلوار کمر سے لٹکانا
صائم مرتضٰی، لاہور
خواب : میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے دوستوں کے ساتھ کسی قلعہ میں موجود ہوں، جہاں عجائب گھر نما سا کمرہ ہے۔ اور ادھر پرانے زمانے کا اسلحہ رکھا گیا ہے۔ میرے دوست اور میں حیران ہوکر ان کو دیکھتے ہیں ایک دوست وہاں لٹکی ہوئی تلوار اتار لیتا ہے اور میں اس سے لے کر اپنی کمر کے ساتھ لٹکا لیتا ہوں۔ اس کے بعد ہم ادھر ادھر گھوم پھر کے مزید چیزیں دیکھتے ہیں اور میں نادانستگی میں اس تلوار کو باندھے گھومتا پھر تا ہوں اور کوئی بھی گارڈ مجھے نہیں روکتا ۔ حتی کہ میں جب میں وہاں سے نکلتاہوں تو وہ پہرے دار مجھے جھک کر سلام کرتا ہے اور روکتا نہیں۔
تعبیر: آپ کا خواب اچھا ہے اس میں پریشانی والی کوئی بات نہیں ہے۔ یہ ازدواجی زندگی کی خوشخبری یا نوکری وکاروبار میں ترقی پر دلیل کرتا ہے جس سے رزق میں اضافہ ہوگا یا مال و وسائل میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔

کمرے میں سانپ
اسماء خان ، شیخوپورہ
خواب: میں نے خواب دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں بیٹھی پڑھ رہی ہوتی ہوں کہ اچانک میری نظر چھت پر پڑتی ہے وہاں پنکھے کے ساتھ ایک رسی سی لٹک رہی ہوتی ہے۔ میں یہ سوچ رہی ہوتی ہوں کہ کہ میرے بھتیجے بھتیجیوں کا کارنامہ ہوگا کہ کمرے میں کھیل کے دوران بچوں نے یہ دوپٹہ یا رسی اچھال کر پنکھے پہ لٹکا دی، بچوں کو بلانے کیلئے میں اٹھتی ہوں تاکہ اٹھ کے ان کو ڈانٹوں اس دوران وہ رسی ہلنا شروع کر دیتی ہے۔ تب مجھ پہ یہ انکشاف ہوتا ہے کہ یہ رسی نہیں بلکہ سانپ ہے۔ یہ دیکھ کر میں دہشت زدہ ہوکر چیخنا شرو ع کردیتی ہوں۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی آسکتی ہے۔ کو ئی عزیز و رشتے داری دشمنی کرنے کی کوشش کرے گا مگر اللہ تعالیٰ کی رحمت ہو تو کچھ بھی نقصان نہیں ہوگا، آپ محفوظ رہیں گی ۔ یہ معاملات نوکری، کاروبار یا تعلیمی معاملات کو بھی خراب کر سکتے ہیں۔ آپ نما ز پنجگانہ کی پابندی کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے یا سلام یا حفیظ کا ورد کیا کریں۔ ہر منگل یا ہفتہ کو کالے چنے یا کالا کپڑا اپنے اوپر سے وار کر کسی مستحق کو دے دیا کریں۔

دکان اور سامان پر قبضہ
مقبول حسین، اسلام آباد
خواب: میں نے دیکھا کہ میں گھر میں بیٹھا بچوں کے ساتھ باتیں کر رہا ہوں میرے فون پر کسی مارکیٹ والے کی کال آتی ہے کہ مالک مکان نے تمہاری دوکان پر تالا ڈال دیا ہے اور سامان بھی قبضہ میں کرلیا ہے۔ یہ سن کر میں بہت پریشان ہوتا ہوں۔ اصل میں حقیقت بھی وہی ہے کہ کاروبار میں کافی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ان مسائل کو لے کر بھی پریشانی ہے۔ اس لئے خواب دیکھ کر اور زیادہ پریشانی ہوگئی ہے ،کیا مجھے کوئی اس کا حل مل سکتا ہے ؟
تعبیر: یہ خواب پریشانی کو ظاہر کرتا ہے مگر اللہ کی رحمت سے نا امید ہونا کسی مسلمان کو زیب نہیں دیتا۔ اللہ آپ کو اپنے حفظ وامان میں رکھیں۔ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ آپ رات کو بعد ازنماز عشاء اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 211 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ سے دعا کریں۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور سجدے میں جا کر نہایت عاجزی سے اللہ تعالیٰ سے دعا کریں ۔ ہر نماز کے بعد استغفار کریں۔

ننھیال میں ناشتہ کرنا
سید برکت علی شاہ ، لاہور
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے ننھیال گئی ہوئی ہوں اور وہاں میری ممانی سب بچوں کو ناشتہ دے رہی ہوتی ہیں۔ گھر کے سب بچے اور نوجوان ان کے گرد کچن میں ہی جمع ہوتے ہیں۔ جب میری باری آتی ہے تو میں دیکھتی ہوں کہ مجھے باقی کزنز کے برعکس ناشتے میں پنیر اور شہد ملتا ہے۔ میں یہ دیکھ کر بہت خوش ہوتی ہوں اور مزے سے کھاتی ہوں۔
تعبیر؛ اچھا خواب ہے اور کسی خوشخبری و آسانی پہ دلیل کرتا ہے۔ یہ تعلیمی امور سے متعلقہ ہو سکتی ہے یا گھریلو اور کاروباری زندگی سے بھی۔ اس سے رزق میں بھی اضافہ ہوگا اور مال ومسائل میں بھی برکت ہوگی اور ظاہری سی بات ہے کہ اس سے گھر میں بھی آرام وسکون ملے گا ۔ آپ نماز پنجگانہ اداکیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔

تنگ جوتا
انیسہ جاوید ، گوجرانوالہ
خواب: میں نے دیکھا کہ میں سکول جا رہی ہوں مگر جوتا کافی تنگ کر رہا ہے۔ میں یہ سوچ کر پریشان ہوتی ہوں کہ میرا اب سارا دن سکول میں کیسے گزرے گا۔ اس کے علاوہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ میں کیا کروں۔کبھی سوچتی ہو ں کہ گھر واپس چلی جائوں کبھی سوچتی ہوں کہ سکول کے نزدیک کسی استاد کا گھر ہو تو وہاں سے تبدیل کرائوں۔ اسی کشمکش میں سکول پہنچ جاتی ہوں اور میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: آپ کا خواب کچھ پریشانی کو ظاہر کرتا ہے جس کا تعلق نوکری وکاروبار سے بھی ہو سکتا ہے اور گھریلو معاملات میں بھی، جس سے ذہنی پریشانی ہوسکتی ہے۔ ظاہری سی بات ہے کہ مال ووسائل کمی یا ان میں رکاوٹوں سے ذہنی مسائل جنم لیتے ہیں۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔

گھر میں دعوت
رقیہ محبوب ، ملتان
خواب:۔ میں نے خواب دیکھا کہ میں نوکری سے واپس گھر آتی ہوں تو دیکھتی ہوں کہ گھر میں بہت سے مہمان آئے ہوئے ہیں اور میری امی نے تقریباً دعوتی کھانا پکایا ہوتا ہے۔ میں بھی مہمانوں کے ساتھ کھانے میں شریک ہو جاتی ہوں۔ انواع و اقسام کے کھانے دیکھ کر میری بھوک چمک اٹھتی ہے اور میں جی بھر کر ان سے انصاف کرنے لگ جاتی ہوں۔ کچھ کھانے اتنے لذیذ ہوتے ہیں کہ میں دوبارہ پلیٹ ان سے بھر لیتی ہوں اور بار بار کھاتی ہوں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ کی دی ہوئی نعمتوں میں اضافہ ہو گا اور آپ کی مطلوبہ جگہ نوکوی بھی مل سکتی ہے۔ کاروبار میں بھی برکت ہو گی اور اس سے مال و وسائل میں بھی بہتری ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور رات کو سونے سے قبل نبی کریم ﷺ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

مرغابی کا شکار کرنا
یاور حیات، بہاولپور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی زمینوں پر ہوتا ہوں اور وہاں سے اپنے دوستوں کے ساتھ شکار کیلئے نکلتاہوں۔ ہم تین دوست ہوتے ہیں۔ ایک میرا بھائی جو جیپ چلارہا ہوتا ہے۔ ہم مرغابی کے شکار کیلئے نکلتے ہیں۔ راستے میں شکار نہیں ملتا۔ آخر کار ایک جھیل نما جگہ پر بہت سی مرغابیاں ہوتی ہیں۔ پھر وہاں کافی دیر تک شکار کھیلتے ہیں اور بہت سی مرغابیاں پکڑ کر انہیں ذبح کرکے اپنے ساتھ لاتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے۔ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق اور وسائل دونوں میں اضافہ ہوگا۔آپ کے مالی وسائل میں مزید بہتری آئے گی اور برکت ہوگی۔آپ آرام اور سکون سے زندگی گزاریں گے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ بھی کیا کریں۔

امتحان کی تیاری کرتی ہوں
بیا ساحل،اٹلی
خواب:۔میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں اپنی کتابوں کے ساتھ میز پر بیٹھی ہوئی ہوں اور اپنے سالانہ امتحان کی تیاری کر رہی ہوتی ہوں کہ میری امی میرے کمرے میں آتی ہیں اور مجھے چائے دے کر چلی جاتی ہیں۔ وہ مجھ سے میری تیاری کے بارے میں بھی پوچھتی ہیں کہ تیاری کیسی ہو رہی ہے۔ میں امی کو بتاتی ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ اس خواب سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ اللہ نہ کرے آپ کسی آزمائش میں پڑسکتی ہیں یا یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آپ کے کسی نئے کام میں رکاوٹ پیدا ہو جائے آپ کو سخت محنت سے دو چار ہونا پڑے گا۔آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں۔

مٹھائی تقسیم کرنا
مدثرہ علی، اسلام آباد
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میری ساس کچھ ڈبے لے کر میرے کمرے میں آتی ہیں اور میرے حوالے کرکے کہتی ہیں کہ ان کو سب رشتے داروں میں بانٹ دو ۔ میں کچھ ڈبے پلیٹوں میں ڈال کر اپنے دیور کو دیتی ہوں کہ محلے میں بھی بانٹ آئے۔ کچھ ڈبے میری ساس خود لے جاتی ہیں تاکہ جا کے رشتوں داروں میں بانٹ سکیں ۔ میں بھی کچھ ڈبے اٹھا کر سائیڈ پہ رکھ لیتی ہوں کہ میں دے آئوں گی۔ پھر اسی دوران گھنٹی کی آواز سن کر میں باہر دیکھتی ہوں تو ہمارے مالی کی فیملی کھڑی ہوتی ہے میں ان کو بھی کچھ ڈبے دے دیتی ہوں ۔ اس پر وہ بہت خوش ہوتے ہیں بلکہ ان کے بچے تو ادھر ہی کھانے لگ جاتے ہیں ۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو کسی خوشخبری پر دلیل کرتا ہے۔ اس کے علاوہ رزق حلال میں برکت بھی ہو گی جس سے کاروبار میں اضافہ ہو گا اور مال و وسائل میں برکت ہو گی۔ یہ سب آپ کے لئے خیرو برکت کا موجب بنے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ ہو سکے تو کچھ خیرات بھی کیا کریں۔

مختصر جوابات:
مدثر سطان، لاہور
آپ جوابی لفافے کے ساتھ اپنا خواب دوبارہ لکھ کر بھجیں براہ راست جواب دے دیا جائے گا۔
کاشف مغل، سیالکوٹ
اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی عمر دراز ہو گی اور زندگی میں عزت و توقیر میں اضافہ ہو گا۔ گھریلو زندگی بھی پرسکون ہو گی اور انشاء اللہ اولاد کی طرف سے بھی فرماں برداری کا مظاہرہ ہو گا۔آپ کوشش کریں کہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔
احمد حسین، وہاڑی
یہ خواب اچھا ہے اور اس بات کوظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے رزق میں اضافہ ہو گا۔ کاروبار میں بھی برکت ہو گی۔ اور اس سے مال و وسائل میں بہتری ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاشکور یا حفیظ کا ورد کیا کریں ۔
تبسم خان، لاہور
یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مشکل آسکتی ہے۔ گھر کا ماحول بھی کچھ پریشان کن ہو سکتا ہے۔ بیوی سے تعلقات کشیدہ ہو سکتے ہیں یا ان کے مزاج میں سختی آسکتی ہے جس سے ذہن میں پریشانی کا عنصر زیادہ ہو سکتا ہے۔ یا حی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کچھ صدقہ و خیرات بھی کیا کریں۔
کوثر اسلم، لاہور
اللہ نہ کرے کہ کسی قسم غیر ضروری اخراجات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کاروبار میں بھی کچھ ایسی صورتحال ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے استغفار کیا کریں ۔
آسیہ بشیر، پشاور
پریشانی کی بات نہیں اللہ کے فضل و کرم سے یہ خواب ظاہر کرتا ہے کہ آپ کے رزق حلال میں برکت ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ کوشش کریں کہ گھر میں پرندوں کو کھانا ڈالنے کا اہتمام کیا جائے۔
عمر خان، اٹک
آپ کا خواب ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے آپ کو اولاد نرینہ نصیب ہو گی ۔ آپ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ۔n

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |