پی ایس ایل فائنل غیر ملکیوں کا رش ہوٹلوں کی بکنگ ختم

پاک چین راہداری منصوبہ شروع ہونے سے کراچی میں غیرملکیوں کی آمدورفت بڑھ گئی،ہوٹل مالک


Ehtisham Mufti March 25, 2018
ہوٹلوں میں مغربی ممالک، چین روس، ہانگ کانگ کے وفودکی آمد بڑھ گئی، غیر ملکی ایئر لائنز کے عملے کیلیے کمرے مستقل بک ہیں۔ فوٹو : فائل

کراچی میں پہلی بار پی ایس ایل کے انعقاد نے شہر کے فائیو اسٹار دو اور تین ستارہ ہوٹلوں میں رہائشی کمروں کی بکنگ مکمل ہوگئی ہے۔

کراچی میں فائنل میچ دیکھنے کیلیے دبئی، ابوظہبی، شارجہ کے علاوہ اندرون ملک سے پی ایس ایل شائقین کی آمد بڑھی ہے جس کے سبب 90 فیصد کمروں کی بکنگ کے حامل شہر کے 5 ستارہ ہوٹلوں کی بکنگ 100 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

ہوٹل موون پک کے سربراہ سکندرمحمود نے ایکسپریس کے استفسار پر بتایا کہ کراچی میں قیام امن کے بعد گزشتہ 3 سال سے ہوٹل انڈسٹری کی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ہفتے کے ابتدائی 4 دن میں ان 5 ستارہ ہوٹلوں میں رہائشی کمروں کی بکنگ کی اوسطا شرح 90 فیصد جبکہ جمعہ تا اتوار کے 3 دن میں یہ شرح گھٹ کر60 تا70 فیصد ہوجاتی ہے لیکن فی الوقت پی ایس ایل کی وجہ سے 5 ستارہ ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ100 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

سکندر محمود نے بتایا کہ سی پیک منصوبے اور قیام امن کے بعد ان 5 ستارہ ہوٹلوں میں غیر ملکیوں کے ساتھ چائنیز، روس اور ہانگ کانگ کے وفود کی آمد بڑھ گئی ہے،کئی غیرملکی ایئرلائنز کی جانب سے بھی انہی 5 ستارہ ہوٹلوں میں اپنے عملے کی رہائش کیلیے مستقل بنیاد پر کمرے بک کیے گئے ہیں،کراچی میں غیرملکیوں کی آمدورفت بڑھنے سے 5 ستارہ ہوٹل رہائش کی نسبت زیادہ کاروباری مراکز بن گئے ہیں۔

پاکستان ہوٹلز ایسوسی ایشن کے ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن اور ہوٹل مہران کے نمائندے جہاں زیب نے بتایا کہ ہفتے کے ابتدائی 4 دن میں شہر کے 3 ستارہ ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کی شرح 76 فیصد تک پہنچ گئی ہے جو جمعہ تا اتوار کے 3 دن گھٹ جاتی ہے۔

جہاں زیب نے بتایا کہ پی ایس ایل فائنل کی وجہ سے محدود پیمانے پر ہوٹلوں میں رہائشی کمروں کی بکنگ میں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن کراچی میں جرائم کی شرح گھٹنے، امن کے قیام اورپاک چین راہداری کا منصوبہ شروع ہونے کی وجہ سے کراچی میں غیرملکیوں کی آمدورفت بڑھ گئی ہے اور انھی عوامل کے مثبت اثرات مقامی ہوٹل انڈسٹری پر مرتب ہوئے ہیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سی پیک منصوبے کے بعد چائنیز کی ایک بڑی تعداد نے ڈی ایچ اے میں مختلف نجی گیسٹ ہاؤسز کو 3 ، 3 ماہ کے لیے بکنگ کرلی ہیں جسکی وجہ سے ان گیسٹ ہاؤسز نے اپنے رہائشی کمروں کا کرایہ 2500 روپے سے بڑھا کر 4 تا 5 ہزار روپے فی دن کردیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |