ٹیکس چوری روکنے کے لیے تمام ریسٹورنٹس کی نگرانی کا فیصلہ

ریئل ٹائم انوائس مانیٹرنگ سسٹم 29 مارچ سے مکمل طور پر نافذ کر دیا جائے گا، دستاویز

صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی یقینی بنائی جاسکے گی،ایف بی آرحکام۔ فوٹو : فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے اسلام آباد کے 34 بڑے اور مشہور ریسٹورنٹس میں نصب کردہ ریئل ٹائم انوائس مانیٹرنگ سسٹم کو کامیاب قراردے دیا اور 29 مارچ سے اسے مکمل طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے ریونیو ہارون اختر 29 مارچ کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہونے والی تقریب میں ریسٹورنٹس کے لیے متعارف کرائے جانے والے اس ریئل ٹائم انوائس مانیٹرنگ سسٹم کو مکمل آپریشنل کرنے کا افتتاح کریں گے۔

دستاویز میں بتایا گیاکہ اس وقت 34 بڑے اور مشہور ریسٹورنٹس میں ریئل ٹائم انوائس مانیٹرنگ سسٹم نصب کر کے تربیتی بنیادوں پر چلایا گیا، چیکنگ کے لیے ایف بی آر کی طرف سے تعینات پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ(پرال)اور ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد کے افسران پر مشتمل ٹیم نے ریسٹورنٹس میں نصب کیے جانے والے سافٹ ویئر کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کلیئر کردیا ہے جس کے بعد اس سسٹم کا مکمل طور پر اطلاق کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کیلیے 29 مارچ کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں افتتاحی تقریب منعقد ہوگی۔


دستاویز کے مطابق ایف بی آر نے صلاحیت کے مطابق ٹیکس وصولی یقینی بنانے کیلیے پنجاب کی طرز پر اسلام آباد کے ریسٹورنٹس میں ویب بیسڈ ریسٹورنٹ انوائس مانیٹرنگ سسٹم لگایا تھا اور اب باقی ریسٹورنٹس میں بھی یہ سافٹ ویئر نصب کیے جائیں گے۔

ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے مذکورہ ریسٹورنٹس انوائس مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے ریسٹورنٹس کیلیے بجلی اور گیس کے بلوں کے تھریش ہولڈ کی بنیاد پر کٹیگریز کا تعین کیا ہے اور اس کٹیگری کے مطابق ان ریسٹورنٹس سے ٹیکس وصول کیا جائے گا، اس سسٹم کے تحت ریسٹورنٹس کے کمپیوٹر سسٹم کی انٹیگریشن کی جائے گی اور انھیں ایف بی آر ہیڈکوارٹرز یا پرال کے ساتھ منسلک کیا جائیگا جس کے ذریعے ریسٹورنٹس کی سیل انوائسز کا ڈیٹا ریئل ٹائم بنیادوں پر ایف بی آرکے پاس منتقل ہوجایا کرے گا۔

 
Load Next Story