سی پیک روٹس کی تکمیل 2019 کے آغاز میں متوقع

بنیادی ڈھانچے، ریلویز اور توانائی منصوبوں کا پہلا مرحلہ رواں سال مکمل ہونے کا امکان


APP March 25, 2018
دوسرے راؤنڈمیں9صنعتی زونزقائم،گوادرخطے کاتجارتی مرکز بن جائیگا،پروجیکٹ ڈائریکٹر۔ فوٹو: فائل

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے مشرقی اور مغربی روٹس 2019کے آغاز میں مکمل ہو جائیں گے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پروجیکٹ ڈائریکٹر حسن داؤد نے ریڈیو پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے، ریلویز اور توانائی کے شعبوں سے متعلق منصوبے شامل ہیں اور توقع ہے کہ یہ منصوبے رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائیں گے۔

حسن داؤد نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا دوسرا مرحلہ اقتصادی زونزکے قیام پر مشتمل ہے جن سے ملک کے صنعتی شعبے کو فروغ ملے گا۔ حسن داؤد نے کہا کہ فاٹا سمیت تمام صوبوں میں 9 صنعتی زونز قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں صنعتی زونز میں دلچسپی لے رہی ہیں جس سے آگے چل کر پاکستان کی تجارت کو فروغ ملے گا۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کے خواہاں مقامی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں سے ملک میں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔

حسن داؤد نے اس اعتماد کا اظہار بھی کیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے پاکستان اور چین کے درمیان عوامی سطح پر روابط اور تعلیمی شعبے میں تعاون کو بھی فروغ ملے گا۔ اقتصادی راہداری کے تحت بلوچستان کی ترقی سے متعلق ایک سوال پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے کہا کہ گوادر خطے کا اہم تجارتی مرکز بن جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔