پاکستان آکر نہ کھیلنے والے غیرملکی کرکٹرز کو ٹیم میں شامل نہ کیا جائے نجم سیٹھی
پی ایس ایل کی تمام فرنچائز کو غیرملکی کرکٹرز کے ساتھ معاہدوں میں یہ شق شامل کرنی چاہیے، چیرمین پی سی بی
Sports Desk |
March 25, 2018
چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پی ایس ایل فرنچائزز پاکستان آکر نہ کھیلنے والے غیرملکی کرکٹرز کو ٹیم میں شامل ہی نہ کریں۔
ایک انٹرویو میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کی تمام فرنچائز انتظامیہ کو غیرملکی کرکٹرز کے ساتھ اپنے معاہدوں میں یہ شق شامل کرنی چاہیے کہ وہ میچز کھیلنے کیلیے پاکستان آئیں گے، اور جوپلیئرز پاکستان آ کر کھیلنے پر آمادہ نہ ہوں انہیں ٹیم میں شامل ہی نہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے متعدد غیرملکی پلیئرز نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا، نئے پلیئرز کو کھلانے کی وجہ سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کمبی نیشن متاثر ہوا اور وہ پشاور زلمی سے میچ میں شکست کے بعد فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی تھی، پی ایس ایل ٹو کے فائنل میں بھی گلیڈی ایٹرز کے غیرملکی پلیئرز پاکستان نہیں آئے تھے جس کی وجہ سے اسلام آباد یونائیٹڈ ٹائٹل اپنے نام کرنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔