امن کی سازگار فضاؤں میں کرکٹ کا پھول کھل گیا

نیشنل اسٹیڈیم میں رنگارنگ اختتامی تقریب نے تماشائیوں کا دامن خوشی سے بھر دیا


آئمہ،فرحان سعید ،شہزاد رائے اور اسٹنگزنے اسٹیج پرپرفارمنس سے دھوم مچائی۔ فوٹو: اے ایف پی

امن کی سازگار فضاؤں میں کرکٹ کا پھول کھل گیا اور پی ایس ایل تھری کا کراچی میں فائنل عوام کو حسین یادیں اسلام آباد یونائیٹڈ کو ٹائٹل دے گیا۔

اسلام آباد یونائٹیڈ کی فتح کے ساتھ پی ایس ایل تھری کا اختتام ہو گیا، فائنل کے ساتھ کراچی میں کرکٹ کی واپسی ہوگئی، شائقین اس موقع پر خوشی سے جھوم اٹھے، اختتامی تقریب میں آئمہ بیگ،فرحان سعید ،شہزاد رائے اور اسٹنگز بینڈ نے اسٹیج پر پرفارمنس سے دھوم مچائی۔

ڈیرن سیمی، آندرے فلیچر، حسن علی اور کامران اکمل بھی اسٹیج پر آکر ساتھ جھومتے رہے،علی ظفر نے ''سیٹی بجے گی'' اور ''پھر آ گئے جلوہ دکھانے'' گایا تو حاضرین ہم آواز ہوگئے، جے پال ڈومینی نے شہر قائد کے باسیوں کو سلام پیش کیا۔

ڈیرن سیمی نے ''پخیرراغلے، کیسے ہو کراچی'' سے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے ''پاکستان زندہ باد'' کے ساتھ اختتام کیا۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی والوں کی امن پسندی پوری دنیا کو نظر آگئی، یہ تاریخی دن شہداء کی بڑی قربانیوں کے بعد آیا، ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی یہاں ایکشن میں ہو گی۔

تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرے نیشنل اسٹیڈیم میں تقریب کا آغاز نجم سیٹھی کے مختصر خطاب سے ہوا،بعد ازاں آئمہ بیگ کو اسٹیج پر بلایا گیا، گلوکارہ نے ''یار منانا اے بھانویں سر دی بازی لگ جاوے'' گانا سنا کر خوب داد سمیٹی، فرحان سعید نے ''دیکھیں کتنا ہے دم'' کے بعد ''پی جاوں'' رس بھری آواز میں گا کر تماشائیوں کو خوب محظوظ کیا، اس دوران ڈریسنگ روم کے باہر کھڑے حسن علی اور ڈیرن سیمی کرسیوں سے اٹھ کر جھومنے لگے۔

پشاور زلمی کے تمام پلیئرز بھی موسیقی سے لطف اندوز ہوتے نظر آئے، شہزاد رائے نے پشاور زلمی کے ترانے سے آغاز کرنے کے بعد ''دل میں جوش لیے'' گا کر ماحول گرما دیا، میزبان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے قائم مقام کپتان جے پال ڈومینی کو بلایا تو کراؤڈ نے تالیوں کی گونج میں زبردست استقبال کیا، جنوبی افریقی اسٹار نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کراچی والوں کو سلام پیش کیااور پاکستانیوں سے ملنے والے پیار کو خوشگوار تجربہ قرار دیا۔

اسٹنگز بینڈ نے اسٹیج پر آتے ہی دھوم مچا دی ''ایک وعدہ تو کر لیں'' کے بعد ''نہیں کوئی ہم جیسا'' نے سماں باندھ دیا، اس موقع پر پشاور زلمی کے اسٹارز بھی سٹیج پر آ گئے، کپتان ڈیرن سیمی، آندرے فلیچر کے ساتھ حسن علی بھی موسیقی کی دھنوں پر خوب جھومے، بعد ازاں کامران اکمل نے گلوکاروں کا ساتھ دیا تو حسن علی نے بھی جوائن کر لیا، پورا اسٹیڈیم سر اور تال کے اس امتزاج پر رقصاں نظر آیا۔

ڈیرن سیمی نے ''پخیرراغلے، کیسے ہو کراچی'' کے ساتھ گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ شائقین کو بھرپور تفریح فراہم کرنے کی کوشش کریں گے،انھوں نے بھرپور سپورٹ پر شائقین کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ''پاکستان زندہ باد'' کا نعرہ لگاتے ہوئے اسٹیج چھوڑا۔ علی ظفر نے پی ایس ایل تھری کے آفیشل گانے ''سیٹی بجے گی، سیج سجے گا'' گانے کے بعد ''پھر آ گئے جلوہ دکھانے'' گانا شروع کیا تو اسٹینڈز میں موجود 30 ہزار سے زائد شائقین بھی ہم آواز ہو گئے۔

اس سے قبل چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ کراچی والے امن پسند ہیں، پوری دنیا کو نظر آگیا، یہ تاریخی دن شہداء کی بڑی قربانیوں کے بعد آیا ہے، پاکستان کی بہادر فوج، رینجرز، پولیس اور انٹیلی جنس اداروں نے آپ کے مستقبل کو محفوظ بنایا ہے، پی ایس ایل تھری کے فائنل کو ممکن بنانے میں وزیر اعظم سیکرٹریٹ، وزیر اعلیٰ سندھ ، وزرات داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا اہم کردار ہے، ان کی سپورٹ کے بغیر اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد ممکن نہیں تھا۔

انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے چار ماہ انتھک محنت کی، میں ان کا خصوصی طور پر شکر گزار ہوں، کراچی والوں کو 9 سال بعد کرکٹ کی آمد مبارک ہو، آج تاریخی دن ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ یکم ، 2 اور 3 اپریل کو ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی نیشنل اسٹیڈیم میں ایکشن میں ہو گی، امید ہے کہ کراچی کے شائقین اس سیریز کے دوران بھی اسٹیڈیم بھر دیں گے، ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کیلیے تیار ہے، پی ایس ایل نہ میرا ہے نہ تیرا ہے،یہ کسی سیاسی جماعت یا سیاسی رہنما کا بھی نہیں، یہ عوام کی ہے ، عوام کی دعاؤں اور سپورٹ سے ہی یہ دن آیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |