پاکستان میں فٹبال کی بحالی کا عمل تیز ہو گیا

عالمی گورننگ باڈی فیفا فارورڈ پروگرام پاکستان میں فٹبال کی ترقی کا زینہ ثابت ہو گا، ڈائریکٹر فیفا ایشیا اوشیانا


Sports Reporter March 26, 2018
عالمی گورننگ باڈی فیفا فارورڈ پروگرام پاکستان میں فٹبال کی ترقی کا زینہ ثابت ہو گا، ڈائریکٹر فیفا ایشیا اوشیانا۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR: پاکستان میں فٹبال کی بحالی کے عمل کو تیز ترکرنے کے لیے فیفا وفد پاکستان پہنچ گیا۔

فیفا مشن کی سربراہی فیفا کے ڈائریکٹر ممبر ایسوسی ایشن برائے ایشیا و اوشیانا سنجیون بالا سنگم کر رہے ہیں، اس ضمن میں فیفا مشن 25مارچ پاکستان میں فٹبال سرگرمیوں کے مرکز اور پی ایف ایف کے ہیڈ کوارٹرز واقع لاہور میں پہنچا جہاں پر فیفا نمائندگان کی جانب سے پی ایف ایف اسٹاف کو فیفا فارورڈ پروگرام کی تکنیکی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ پی ایف ایف کو اس پروگرام سے مالی معاونت سے مستفید ہونے کے لیے کن ضروری مراحل سے گزرنا ہو گا۔

پاکستان میں فیفا فارورڈ پروگرام کے اجراء کے لیے پی ایف ایف کے وفد میں شامل سردار نوید حیدر خان نائب صدر، کرنل (ر)احمد یار خان لودھی جنرل سیکریٹری، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر ایڈمن، ڈائریکٹر ٹیکنیکل، ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور ہیڈ لیگ ڈیولپمنٹ و میڈیا نے گفتگو میں حصہ لیا۔

صدر پی ایف ایف سید فیصل صالح حیات نے فیفا مشن کی پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے صدر فیفا گیانی انفانٹینو کا شکریہ ادا کیا اورکہاکہ ہم ان کے شکرگزار ہیں کہ صدر فیفا پاکستان میں فٹبال کی ترویج و ترقی میںذاتی دلچسپی رکھتے ہیں اور اسی تناظر میں انھوں نے میری درخواست کو فوری قبول کرتے ہوئے فیفا کا مشن پاکستان بھیجا ہے جس نے نہ صرف پاکستان میں فٹبال کی ڈیولپمنٹ کا عمومی جائزہ لیا بلکہ فیفا فارورڈ پروگرام کے ذریعے سے قابل ذکر مالی معاونت کی راہ بھی ہموار کی ہے۔

فیفا فارورڈ پروگرام کے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کے ذریعے سے مستقبل قریب ہونے والی پاکستان میں فٹبال کی ڈیولپمنٹ کے سلسلے میں اس پروگرام کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

پاکستان میں فیفا فارورڈ پروگرام کے اجراء پر گفتگو کرتے ہوئے فیفا مشن کے سربراہ سنجیون بالا سنگم کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام پاکستان میں فٹبال کی ترقی کا زینہ ثابت ہو سکتا ہے جس کے ذریعہ سے نہ صرف پاکستان میں فٹبال کی گزشتہ 3سالہ بندش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی بلکہ اس کا درست استعمال پاکستان میں فٹبال کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے میں انتہائی کارگر ثابت ہو گا۔

نائب صدر پی ایف ایف سردار نوید حیدر خان نے فیفا کے وفد کو پی ایف ایف ہیڈ کوارٹرز میں آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے فیفا وفد کے دورے کی ٹائمنگ کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ فیفا مشن کا اس لمحے پاکستان آنا اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے کہ اس وقت پی ایف ایف پاکستان میں فٹبال کی مکمل بحالی اور مستقبل کی پلاننگ میں مصروف عمل ہے اور اس سلسلہ میں فیفا فارورڈ پروگرام پاکستان میں اس کھیل کی ترقی کے لیے انتہائی مضبوط بنیاد فراہم کر سکتا ہے۔

پی ایف ایف کے جنرل سیکریٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی کاکہنا تھا کہ صدر فیفا گیانی انفانٹینو کی ہدایات کی روشنی میں شروع کیا جانے والا فیفافارورڈ پروگرام فیفا کے تمام ممبر ممالک خصوصاً پاکستان کے لیے انتہائی مفید ثابت ہو گا۔انھوں نے مذید کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کے لیے اس پروگرام کی اہمیت بدرجہ بڑھ جاتی ہے کیونکہ اس پروگرام کے ذریعہ سے ملنے والے خطیر فنڈز 17مارچ2018 کو منعقد ہونے والی پی ایف ایف ایگزیکٹیوکمیٹی کی میٹنگ میں پاکستان میں فٹبال کی ڈیولپمنٹ کے لیے طے کی جانے والی حکمت عملی کی تکمیل کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ پی ایف ایف کے صدر گزشتہ دنوں ہی ایک پریس کانفرنس میں پاکستان کی قومی و بین الاقوامی سرگرمیوں کی مکمل بحالی کا اعلان کر چکے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں