الیکشن ہونگے کہ نہیں لوگ اب بھی بے یقینی کا شکار ہیں نجم سیٹھی

وعدہ ہے الیکشن کا بروقت انعقاد یقینی بنائیں گے،اپنی اہلیہ کیلیے ن لیگ سے ٹکٹ نہیں مانگا


Numaindgan Express April 08, 2013
اسپتالوں میں پارکنگ فیس لی جائے گی،بسنت منانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا،تقریب سے خطاب،سینئر صحافیوں سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعلی پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ نگراں حکومت شفاف انتخابات کا انعقاد ہر صورت میں یقینی بنائے گی۔

اس میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دینگے کیونکہ نگراں حکومت کی اولین ترجیح صرف اور صرف عام انتخابات کا منصفانہ او رشفاف انعقاد ہے۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اولڈ راوینز یونین کی تقریب سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ آزادانہ الیکشن کے انعقاد کا وعدہ ہر صورت پورا کریںگے ۔ لوگ اب بھی بے یقینی کا شکار ہیں اور پوچھتے ہیں کہ الیکشن ہوں گے کہ نہیں ؟ میرا وعدہ ہے کہ عام انتخابات کا بروقت انعقاد یقینی بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ شفاف انعقاد یقینی بنانے کیلیے پنجاب میں بیوروکریسی اور پولیس میں ردوبدل کیا جارہاہے۔



پنجاب حکومت نے بسنت منانے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم اس ضمن میں مشاورت جاری ہے اور پنجاب حکومت کوئی ایسا غیر ذمے دارانہ یا غیرسنجیدہ فیصلہ نہیں کرے گی جو عوامی مفاد کے منافی ہو۔ ایوان وزیراعلیٰ میںسینیئر صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں نجم سیٹھی نے کہا کہ اب ہر ڈویژن میں نئے کمشنر اور آر پی او اپنے فرائض انجام دینگے۔ اسپتالوں میں گاڑیوں سے پارکنگ فیس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس مد میں ہونیوالی آمدن ایمرجنسی میں سہولیات کی فراہمی پر خرچ کی جائے گی۔ دہشت گردی اور بم دھماکوں میں جاںبحق ہونے والے عام شہریوں کا ریکارڈ جمع کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور ریکارڈ جمع ہونے پر ایسے افراد کے لواحقین کی مدد کی جائے گی۔

ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ سینئر سیاسی رہنمائوں اور سیاسی جلسو ں کی سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات ضرورت ہیں جبکہ نوازشریف ، شہباز شریف اور ان کے خاندان کی حفاظت کیلیے سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ اگر عمران خان یا کوئی اور سینئر رہنما بھی سیکیورٹی مانگیں گے تو ہم فراہم کریں گے لیکن ہم نے ہرجگہ سے25 فیصد سیکیورٹی واپس بلالی ہے۔ اگر کسی غیر آئینی اقدام کے ذریعے عام انتخابات کو التوا میں ڈالا گیا تو وہ ایک دن بھی اقتدار میں مزید نہیں رہیں گے۔ میرا نہیں خیال کہ انتخابات التوا کا شکار ہوں اور تاخیر کی بات ہونی بھی نہیں چاہیے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جونیئر ایشین ہاکی کپ جیتنے پر پاکستانی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں