32 ہزارسرکاری افسران کا ذاتی معلومات چھپانے کا انکشاف

سپریم کورٹ نے اپنی بیویوں کی دہری شہریت چھپانے والے اورغیر ملکی سرکاری افسروں سے جواب طلب کرلیا

ملک بھرمیں ایک لاکھ 72 ہزار سے زائد سرکاری افسر ہیں، فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں دوران سماعت انکشاف ہوا ہے کہ ملک بھرمیں ایک لاکھ 72 ہزار سرکاری افسران میں سے 32 ہزار نے حکومتی ریکارڈ میں اپنی ذاتی معلومات کا درست اندراج نہیں کرایا۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے ججز اور سرکاری افسران کی دہری شہریت سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران ڈی جی ایف آئی نے عدالت کو بتایا کہ ملک بھرمیں ایک لاکھ 72 ہزارسے زائد سرکاری افسر ہیں، ایک لاکھ 40 ہزارملازمین کی معلومات درست تھیں، 616 افسروں نے رضا کارانہ طورپردہری شہریت تسلیم کی، 147 افسروں نے اپنی دہری شہریت چھپائی، 691 افسروں کی بیگمات دہری شہریت کی حامل ہیں جب میں سے 291 افسروں نے بیگمات کی دہری شہریت چھپائی، 7 ایسے افسر بھی ہیں جن کی شہریت غیر ملکی ہے۔


چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا سرکاری افسروں کی بیگمات پر دوہری شہریت کی قدغن ہے، کیا غیر ملکی سرکاری ملازمت اختیار کرسکتا ہے، دہری شہریت سے متعلق کافی معلومات آ چکی ہے، کیا مزید معلومات آنے کا امکان ہے۔

عدالتی استفسار پر ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ صوبوں کی جانب سے دہری شہریت سے متعلق معلومات آنا باقی ہے، غیرملکی سرکاری ملازمت نہیں کرسکتا۔ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ افسروں کو اپنی اوربیگمات کی دوہری شہریت ظاہر کرنا پڑتی ہے، حکومت کی اجازت سے غیر ملکی شہری مخصوص منصوبوں پر تعینات ہو سکتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے دہری شہریت چھپانے والے 147 افسروں، بیویوں کی شہریت چھپانے والے 291 افسروں اور 7 غیر ملکی افسروں کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
Load Next Story