حسین حقانی کا بھاگ جانا عدالت کی عزت کا سوال ہے چیف جسٹس

سپریم کورٹ نے وضاحت کے لیے سیکرٹری خارجہ اور داخلہ کو طلب کرلیا


ویب ڈیسک March 27, 2018
حسین حقانی کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیئے ہیں کہ حسین حقانی یقین دہانی کرانے کے باوجود ملک سے کیسے گئے یہ عدالت کی عزت کا سوال ہے۔

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے میمو گیٹ اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ حسین حقانی عدالت کو یقین دہانی کرا کر ملک سے کیسے بھاگ گئے، یہ عدالت کی عزت کا معاملہ ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : حسین حقانی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

عدالت نے استفسار کیا کہ حسین حقانی کو واپس لانے کے لیے کیا پیشرفت ہوئی جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ وزارت خارجہ اور خزانہ کو خطوط لکھے ہیں جب کہ حسین حقانی کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے، حسین حقانی کے وارنٹ کے اجراء کے لیے معاملہ چل رہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : میمو گیٹ اسکینڈل میں حسین حقانی کے وارنٹِ گرفتاری جاری

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ معاملہ لمبا نہیں ہوتا جارہا ہے جس پر ڈائریکٹر ایف آئی اے نے عدالت کو بتایا کہ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے سے دستاویزات آرہے ہیں، چیف جسٹس نے کل تک تمام دستاویزات پوری کرنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ دونوں آجائیں، ایک بندہ عدالت کو یقین دہانی کراکر ملک سے کیسے بھاگ گیا، یہ عدالت کی عزت کا معاملہ ہے جب کہ عدالت اب تک کی پیش رفت سے مطمئن نہیں۔

عدالت نے سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری داخلہ کو کل طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں