وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چیف جسٹس میاں ثاقب نثارسے ملاقات

وزیراعظم کی چیف جسٹس کو انصاف کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم اور چیف جسٹس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اہم امور پربات چیت کی گئی۔ فوٹو: پی آئی ڈی

لاہور:
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے چیف جسٹس ثاقب نثار کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہائی کروائی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے ملاقات کے لیے بغیر پروٹوکول کے سپریم کورٹ پہنچے جہاں جسٹس ثاقب نثار نے ججز گیٹ پر ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم اور چیف جسٹس کے درمیان ہونے والی ملاقات میں اہم امور پربات چیت کی گئی۔


چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر ہوئی، وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کے ذریعے ملاقات کی درخواست کی جب کہ ملاقات میں وزیراعظم نے چیف جسٹس کو جلد انصاف کی فراہمی کیلئے مکمل تعاون اور فوری اور سستا انصاف کیلئےعدلیہ کو تمام وسائل فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چیف جسٹس کے عوامی مفاد کے مقدمات پر بھی مکمل تعاون، نجی میڈیکل کالجز کی تشکیل نو اور ماحولیات کے تحفظ پر بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی جب کہ تعلیم ، عوامی صحت اور اسپتالوں کے معاملے پر چیف جسٹس کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس نے وزیراعظم کو عدلیہ کے آئینی کردار کو بغیر خوف اور قانون کے مطابق ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی جب کہ وزیراعظم نے ایف بی آر اور ٹیکس ڈیپارٹمنٹ کو مقدمہ بازی کے باعث درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر چیف جسٹس نے معاملے کو فاسٹ ٹریک پر ڈالنے کی یقین دہانی کروائی۔ وزیراعظم نے چیف جسٹس کو سی سی آئی اجلاس میں پانی کی فراہمی سے متعلق پالیسی کی منظوری سے بھی آگاہ کیا۔
Load Next Story