اولڈ سٹی ایریا کو2یوم میں رینجرز کے حوالے کیا جائے تاجروں کا الٹی میٹم

بصورت دیگرایم اے جناح روڈکو بند کرکے احتجاجی دھرنا دیا جائے گا، مارکیٹیوں کے بعد اب رہائشی علاقے بھی محفوظ نہیں رہے


Business Reporter April 09, 2013
عتیق میر نے کہا کہ اولڈسٹی ٹریڈنگ ایریا میں بھتہ خوری کی شرح صفر کرنے کے لیے علاقے کی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کورینجرز کے حوالے کرنا وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے۔ فوٹو: فائل

چھوٹے تاجروں نے اولڈ سٹی ایریا کوآئندہ 2دن میں رینجرز کے حوالے کرنے کا الٹی میٹم دیدیا ہے۔

بصورت دیگرایم اے جناح روڈ کو دھرنا دے کر بند کردیاجائے گایہ فیصلہ آل کراچی تاجراتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی صدارت میں شہربھرکی مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کے نمائندوں پر مشتمل اجلاس میں کیا گیا جس میں کراچی تاجر اتحاد کے وائس چیئرمین اکرم رانا، جنرل سیکریٹری شرجیل گوپلانی، انصار بیگ قادری، عبدالغنی اخوند، احمد شمسی، زبیر احمد، بلال شیخ، سید شرافت علی، شاکر فینسی، شیخ محمد عالم، طارق ممتاز، عارف قادری، شاہد علیم، سلیم الدین راجپوت، محمد آصف، آفرین صدیقی، عبدالقادر، عبدالسمیع اور دیگر نے شہر میں بھتہ خوری کی مجموعی صورتحال کو تجارت کیلیے انتہائی خطرناک اور تباہ کُن قرار دیا۔



اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عتیق میر نے کہا کہ اولڈسٹی ٹریڈنگ ایریا میں بھتہ خوری کی شرح صفر کرنے کے لیے علاقے کی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز کورینجرز کے حوالے کرنا وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے کیونکہ علاقے میں بھتہ خوری واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا، انھوں نے کہا کہ کاروبار کے بعد اب رہائشی علاقے بھی محفوظ نہیں رہے، عتیق میر نے کہا کہ کل تک بھتہ مانگنا جُرم تھا اور آج یہ شہر کا سب سے بڑا کاروبار بن گیا ہے، موبائل فونز، ایس ایم ایس اور براہِ راست رابطہ کرکے تاجروں کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اولڈ سٹی ایریا کے تاجروں نے آل کراچی تاجر اتحاد کے دفتر میں گذشتہ ہفتے بھتہ خوروں کیخلاف 70سے زائد شکایات درج کرائیں جبکہ متاثرین کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے،انھوں نے اعلان کیا کہ انتخابات سے قبل بھتہ خوری کا خاتمہ نہ کیا گیا تو تاجر برادری انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کردے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔