ڈیٹا چوری اسکینڈل فیس بک پرائیوسی سیٹنگز میں بڑی تبدیلیاں

ڈیٹا چوری اسکینڈل کے بعد فیس بک کے بانی نے صارفین کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کیلیے تبدیلیوں کا اعلان کیا۔


ویب ڈیسک March 28, 2018
فیس بک کے بانی نے صارفین کا ڈیٹا محفوظ رکھنے کیلیے تبدیلیوں کا اعلان کیا۔ فوٹو: فائل

امریکی صدارتی الیکشن میں صارفین کا ڈیٹا استعمال ہونے کے معاملے کے بعد فیس بک نے اپنی پرائیوسی سیٹنگز میں تبدیلیاں کردیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق تحقیقی کمپنی کیمبرج اینالیکٹس کی جانب سے فیس بک کے 5 کروڑ صارفین کا ڈیٹا چرانے کا اسکینڈل منظرعام پر آنے کے بعد کمپنی کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہوئے تھے اور اس ضمن میں فیس بک کو راتوں رات 6 ارب ڈالرز کا نقصان اٹھانا پڑا تھا جس کے بعد کمپنی کے بانی مارک زکربرگ نے صارفین سے معافی بھی مانگی اور فیس بک نے پرائیوسی سیٹنگز میں اہم تبدیلی کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صارفین کا ڈیٹا پہلے سے زیادہ محفوظ رکھنے کے لیے پرائیوسی سیٹنگز میں چند اہم تبدیلیاں کرنے کا اعلان کیا جو لوگوں کو اپنا ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے مزید آسانیاں پیدا کرے گا۔ فیس بک کی جانب سے کی جانے والی تبدیلیوں میں کوئی بھی فیچر نیا نہیں تاہم ان تمام فیچرز کی عوام تک رسائی کو مزید آسان کیا جارہا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ صارفین کا ڈیٹا استعمال ہونے پر فیس بک نے معافی مانگ لی

رپورٹس کے مطابق سیٹنگز کے مینو کو نئے سرے سے بنایا جائے گا اور سیٹنگز کے تمام آپشنز کو 20 مختلف مقامات کے بجائے ایک جگہ پر اکھٹا کیا جائے گا جب کہ صارفین کے استعمال میں نہ آنے والی تمام پرانی سیٹنگز کو مکمل طور پر ختم کیا جائے گا تاکہ نئی سیٹنگز کو سمجھنے میں آسانی ہو۔

پرائیوسی سیٹنگز میں تصاویر کے ساتھ ساتھ شارٹ کٹس بھی شامل کیے جائیں گے جو صارفین کو باآسانی پرائیوسی کی مختلف سیٹنگز تک رسائی دیں گے اور یہ آپشن موبائل پر فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہوگا۔

صارفین 'ٹو فیکٹر اتھنٹیکیشن' کے ذریعے نہ صرف اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کی جانے والی پوسٹس کا جائزہ لے سکیں گے بلکہ اپنی پروفائل اور پوسٹس دیکھنے والوں پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرسکیں گے اور ساتھ ہی اشتہارات کو بھی کنٹرول کرسکیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ واٹس ایپ نے فیس بک اکاؤنٹس ڈیلیٹ کرنے کا کہہ دیا

ایک اور تبدیلی کے ذریعے فیس بک صارفین کو مکمل بااختیار بنا رہی ہے جس سے صارفین اپنے پیچ پر شیئر کی جانے والی تمام معلومات کو نہ صرف ڈیلیٹ کرسکتے ہیں جو ان کی ٹائم لائن پر بھی نظر نہیں آئے گی بلکہ وہ اپنی تصاویر کی ایک الگ کاپی اپنے پاس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

فیس بک کے چیف پرائیوسی آفیسر کا کہنا تھا کہ ڈیٹا چوری ہونے کے معاملے کے بعد سے ہمیں شکایات موصول ہورہی تھیں کہ ویب سائٹ کی پرائیوسی سیٹنگ نہ صرف مشکل ہیں بلکہ ان کو تلاش کرنے میں بھی لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہذا ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ پرائیوسی سیٹنگز کے حوالے سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے کے لیے اس کو آسان کیا جائے تاکہ وہ اپنی معلومات اور ڈیٹا محفوظ رکھ سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں