امتحانی مراکز میں لوڈ شیڈنگ میٹرک کے سیکڑوں طلبا نے اندھیرے میں پرچہ حل کیا

کئی امتحانی مراکز پر پرچے 15سے 30 منٹ کی تاخیرسے شروع ہوئے، کمرہ امتحان میں موبائل فون سے روشنی کی گئی.


Staff Reporter April 09, 2013
میٹرک کے امتحانات کے موقع پر فضل الرحمن اسکول میں طالبات پرچہ حل کرنے میں مصروف ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت پیرکومیٹرک کے امتحانات کاآغاز موسلادھاربارش میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ہوا۔

میٹرک بورڈ کے تحت شہرکے سرکاری ونجی اسکولوں میں قا ئم 223 امتحانی مراکز میں سے بیشتر امتحانی مراکز پر صبح کے وقت امتحانی پرچہ اور بارش بیک وقت شروع ہوئی اوربارش کی بوندیں گرتے ہی شہرکے مختلف علاقوں میں قا ئم امتحانی مراکز کی بجلی بند ہوگئی، بارش اور بجلی کی بندش کے سبب کئی امتحانی مراکز پر پرچے 15سے 30 منٹ کی تاخیرسے شروع ہوئے، امتحانی مراکز پر بجلی نہ ہونے کے سبب کچھ مراکز میں ایمرجنسی لائٹس روشن کی گئیں۔

جبکہ کئی امتحانی مراکز کے کمروںمیں موبائل فون سے روشنی کی گئی ، بعدازاں کاپیاں اورپرچے تقسیم کیے گئے اورپرچوں کا آغاز کیا گیا تاہم بارش کے تھمنے اورکچھ امتحانی مراکز پر بجلی کی بحالی کے بعدصورتحال بہترہوئی ، دوسری جانب نجی اسکولوں کی ایک ایسوسی ایشن نے بارش کا بہانابناتے ہوئے دسویں جماعت جنرل گروپ کادوپہر کو ہونے والاپرچہ ملتوی کرنے کے لیے بورڈ انتظامیہ پرشدیددبائوڈالاجس کے سبب شہرمیں دوپہرکا پرچہ ملتوی ہونے کی افواہیں بھی گردش کرتی رہیں۔



تاہم ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی انتظامیہ نے متعلقہ ایسوسی ایشن کی جانب سے پرچہ ملتوی کرنے کے سلسلے میں دبائو کومسترد کردیااورناظم امتحانات نعمان احسن نے دوپہر کاپرچہ شیڈول کے مطابق منعقدکرنے کااعلان کیا،واضح رہے کہ آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن اورپرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے دوپہرکاپرچہ ملتوی کیے جانے کاکوئی اعلان سامنے نہیں آیا تھا ۔

علاوہ ازیں امتحانات کے پہلے روز چیئرمین بورڈ فصیح الدین خان نے ڈپٹی کمشنرسینٹرل ڈاکٹرسیف الرحمن کے ہمراہ ایس ایم گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نا ظم آباد جبکہ سیکریٹری بورڈ حور مظہراور ناظم امتحانات نعمان احسن نے کمپری ہینسیو و ہائرسیکنڈری اسکول کا دورہ کیا ، چیئرمین بورڈ نے ایس ایم پبلک اسکول سے چارطلبہ کونقل کرتے ہوئے پکڑلیاجبکہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول 11ایف نارتھ کراچی میں طبی بنیادوں پرجونیئرکے بجائے سینئر طالب علم کو پرچہ حل کرتے ہوئے پکڑلیاگیا ،بورڈ نے اصل طالب علم کواس کی طبی درخواست پرکسی جونیئر طالب علم سے امتحانی پرچہ تحریر کرانے کی اجازت دی تھی تاہم اصل امیدوار سینئرطالب علم سے پرچہ حل کرارہا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں