سیاسی جماعتوں کا نگراں وزیر داخلہ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ

ملک حبیب نے انٹرویو میں نواز شریف کو قوم کا حقیقی لیڈر کہا جس کے بعد وہ غیرجانبدار نہیں رہے، صمصام بخاری


ویب ڈیسک April 09, 2013
ملک حبیب سے جانبدارانہ بیان دینے پر فوری استعفیٰ لیا جائے، شفقت محمود فوٹو : فائل

پاکستان پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق) اور اے این پی نے نگراں وزیر داخلہ ملک حبیب خان کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما صمصام بخاری نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ملک حبیب نے اپنے ایک انٹریو میں سیاسی رہنماؤں کی تعریف کی اور بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نواز شریف کو قوم کا واحد حقیقی لیڈر کہا جس کے بعد وہ غیر جانبدار نہیں رہے اور اس غیر ذمہ دارانہ بیان پر ان کو عہدے سے ہٹایا جائے۔ سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ملک حبیب کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے بھی ملک حبیب کے انٹرویو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ملک حبیب نے اپنے انٹرویو میں جانبداری کا مظاہرہ کیا جس پر ان سے استعفیٰ لیا جائے کیونکہ ان کا اس عہدے پر مزید برقرار رہنا قوم کے مفاد میں نہیں۔

دوسری جانب ملک حبیب نے اپنا وضاحتی بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کا کام شفاف اور پرامن انتخابات کے لئے سیکیورٹی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا تعلق کسی سیاسی جماعت سے نہیں اور ان کا ووٹ صرف عوام کے لئے ہے۔

واضح رہے کہ وزیر داخلہ ملک حبیب خان نے اپنے ایک انٹرویو میں صدر آصف علی زرداری اور عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بینظیر کے بعد نواز شریف قوم کے واحد لیڈر ہیں جن کے دل میں عوام کا حقیقی درد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے شاہد خاکان عباسی کو ووٹ دیا اور وہ آئندہ بھی مسلم لیگ کے ہی کسی امیدوار کو ووٹ دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں