معین خان کُل وقتی ذمہ داری قبول کرنے سے گریزاں

اکیڈمی کی مصروفیات وجہ،مختصرکیمپ میں وکٹ کیپرزکی رہنمائی پر تیار


Saleem Khaliq April 09, 2013
اکیڈمی کی مصروفیات وجہ،مختصرکیمپ میں وکٹ کیپرزکی رہنمائی پر تیار. فائل فوٹو

سابق ٹیسٹ کپتان معین خان نے مختصر کیمپ میں وکٹ کیپرز کی کوچنگ میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

البتہ وہ اپنی اکیڈمی کی مصروفیات کے سبب زیادہ وقت کیلیے کوئی ذمہ داری قبول نہیں کر سکیں گے۔ معین خان نے کیمپس کرکٹ ورلڈ فائنل میں کراچی یونیورسٹی کی کوچنگ کے فرائض انجام دیے۔

ان کی ٹیم کو فیصلہ کن معرکے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سری لنکا سے وطن واپسی پر نمائندہ ''ایکسپریس'' سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پی سی بی نے تاحال مجھ سے کوئی ذمہ داری سنبھالنے کے حوالے سے رابطہ نہیں کیا، البتہ کچھ عرصے قبل ایک اعلیٰ عہدیدار سے بات ہوئی تھی۔



میں نے انھیں بتا دیا تھا کہ کراچی میں اپنی اکیڈمی کی مصروفیات کے سبب کوئی فل ٹائم عہدہ قبول نہیں کر سکتا، اب بھی اگر رابطہ کیا گیا تو میرا یہی جواب ہو گا، انھوں نے کہا کہ اگر پی سی بی وکٹ کیپرز کا چند روز کیلیے کوئی خصوصی کیمپ لگانا چاہے تو میں دستیاب ہوں گا، پاکستان نے مجھے سب کچھ دیا اور میں اپنے وطن کے بھی کام آنا چاہتا ہوں۔

یاد رہے چند روز قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ بورڈ فاسٹ بولرز، وکٹ کیپرز اور بیٹسمینوں کے خصوصی کیمپس لگانے کا ارادہ رکھتا ہے، ان میں سے پیسرز کا کیمپ تو رواں ماہ وسیم اکرم کی زیرنگرانی لگنے والا ہے، معین خان نے کہا کہ کراچی میں میری اکیڈمی کا پروجیکٹ کامیاب ثابت ہوا، کئی سو پلیئرز وہاں اپنی صلاحیتوں کو نکھار رہے ہیں، ساتھ ہی ہم مختلف ٹورنامنٹس کا انعقاد بھی کرتے ہیں، ایسے میں میرے پاس دیگر مصروفیات کیلیے زیادہ وقت نہیں بچتا۔ یاد رہے کہ41 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین نے69 ٹیسٹ اور 219 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز پایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں