اشتہاری قرار پانے والے پارنیل عدالت میں پیش ہو گئے

10 ہزار روپے کی ضمانت منظور، آئی پی ایل کھیلنے کیلیے بورڈ کی اجازت درکار۔


Sports Desk April 09, 2013
10 ہزار روپے کی ضمانت منظور، آئی پی ایل کھیلنے کیلیے بورڈ کی اجازت درکار۔ فوٹو: فائل

منشیات کیس میں اشتہاری قرار پانے والے جنوبی افریقی کرکٹر وین پارنیل ممبئی کی عدالت میں پیش ہوگئے جہاں ان کی 10 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی ہے۔

آئی پی ایل میں پونے واریئرز کی نمائندگی کیلیے بھارتی کرکٹ بورڈ کی اجازت درکار ہوگی۔ پارنیل کو گذشتہ برس پولیس نے اسپنر راہول شرما سمیت تقریباً 100 افراد کے ہمراہ اس وقت گرفتار کیا تھا، جب وہ ایک نجی پارٹی میں نشے میں مست ہوکر جھوم رہے تھے۔

انھیں خون کے نمونے لینے کے بعد چھوڑ دیا گیا تاہم چند ہفتے قبل پولیس نے خصوصی عدالت میں ایک چارج شیٹ پیش کی تھی، جس میں راہول اور پارنیل سمیت متعدد غیرملکیوں کے نام شامل تھے، ان کے ٹیسٹ مثبت آئے، پولیس نے عدالت کو بتایا تھا کہ غیرملکی افراد کو اس کیس میں مطلوب قرار دیا گیا ہے۔



اس لیے پارنیل کو آئی پی ایل کھیلنے سے قبل بھارت میں اس کیس کا سامنا کرنا تھا، گذشتہ روز وہ اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کی 10 ہزار روپے کے عوض ضمانت منظور کرلی گئی۔ پونے واریئرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی تک پارنیل نے اسکواڈ کو جوائن نہیں کیا، ضمانت کے ساتھ انھیں بی سی سی آئی کی کلیئرنس کی بھی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز شرما نے کنگز الیون پنجاب کے خلاف میچ میں پونے کی نمائندگی کی ، ان کے بارے میں ترجمان نے کہا کہ راہول شرما کو بی سی سی آئی کی کلیئرنس کے بعد منتخب کیاگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں