ڈیوس کپ جوکو وک نے سربیا کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا

امریکی حریف سام کیورےکو زیرکیا، ٹائی میں ٹیم 3-1 سے فتحیاب،کینیڈا نے اٹلی کو مات دیدی.


AFP April 09, 2013
ڈیوس کپ :امریکی حریف سام کیور ے سے ریورس سنگلز میچ میں سربیا کے ورلڈ نمبر ون نووک جوکووک گیند ریٹرن کررہے ہیں ، انھوں نے یہ مقابلہ جیت کر اپنی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچادیا ۔ فوٹو : فائل

ورلڈ نمبرون نووک جوکووک نے امریکی حریف سام کیورے کو مات دے کر سربیا کو ڈیوس کپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا۔

میزبان ٹیم ٹائی میں 1-3 سے ناکام رہی، فائنل میں رسائی کے لیے سربیا کا اب ستمبر میں کینیڈا سے مقابلہ ہوگا جس نے اٹلی کو مات دی،ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو پچھاڑ کر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی، فائنل فور میں اس کا سامنا جمہوریہ چیک سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ڈیوس کپ ورلڈ گروپ کوارٹر فائنل مقابلوں میں امریکا کو سربیا نے 3-1 سے شکست دیدی۔

پہلے ریورس سنگلز کے ابتدائی سیٹ میں ٹخنے کی انجری سے جنگ کرنے والے جوکووک نے کیورے کو 7-5، 6-7 (4/7)، 6-1 اور 6-0 سے زیر کرکے ٹائی میں اپنی ٹیم کو ناقابل شکست برتری دلا دی،گذشتہ چار برسوں میں 32 مرتبہ کے ٹائٹل ونر امریکا کیخلاف سربیا کی یہ دوسری فتح ہے، اس سے قبل2010 کی ڈیوس کپ ٹائی میں بلغراد میں امریکا کو شکست دی تھی۔



پیر کو پہلے سیٹ کے تیسرے گیم میں جوکووک ٹخنے کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے لیکن اس کے باوجود انھوں نے ٹیم کو فتح دلانے تک کھیل جاری رکھا، ستمبر میں شیڈول سیمی فائنلز میں سربیا کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا، جس نے اٹلی کو 3-1 سے قابو کرلیا،تیسرے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کو 3-2 سے ہرایا۔

فیصلہ کن ریورس سنگلز میںمیزبان ارجنٹائن کے کارلوس بیرلوک نے فرنچ حریف جائلز سیمون کو 6-4،5-7،7-5 اور 6-4 سے قابو کیا،اس سے قبل ابتدائی ریورس سنگلز میں جوئے ولفریڈ سونگا نے جوآن مناکو کو6-3،6-3 اور6-0 سے مات دے کر فرانس کو خسارے سے باہر نکالا تھا، ڈبلز میں ارجنٹائن کے کھلاڑیوں ڈیوڈ نلبیان اور ہوراسیو زیبالوس نے جولین بینیٹو اور مائیکل لودراکو مات دی تھی، ابتدائی سنگلز میں سونگا نے بیرلوک جبکہ مناکو نے جائلز سیمون پر غلبہ پایا، فائنل میں رسائی کے لیے ارجنٹائن کی ٹیم جمہوریہ چیک کا سامنا کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں