بلوچستان کے حساس علاقوں میں فوج بلانے کا اعلان اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں مل سکے گا الیکشن کم?

حساس اضلاع میںسامان وعملہ سیکیورٹی اداروںکی نگرانی میں ہیلی کاپٹرسے پہنچایاجائیگا،الیکشن کمشنر بلوچستان

غیرمصدقہ کمپیوٹر نظام سے بیرون ملک پاکستانیوںکوووٹ کاحق دیناتباہ کن ہوگا،جلدبازی انتخابات کی ساکھ متاثرکر سکتی ہے ،رپورٹ فوٹو: فائل

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی سے متعلق نئی تفصیلات جاری کردیں۔

کاغذات نامزدگی کی تعداد27ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جو ریکارڈ ہے، الیکشن کمیشن نے اوورسیزپاکستانیوں کو بیرون ملک ووٹ کی سہولت دینے سے معذرت کرلی ہے، دوسری جانب تمام انتخابی عملے کیلیے تربیتی ورکشاپوں کا سلسلہ بھی منعقدکر رہاہے جن میں رائے دہندگان کو ووٹ کی اہمیت سے آگاہ کیاجائے گا، جبکہ بلوچستان الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں صوبے کے حساس اضلاع میں فوج طلب کرنے نیز حساس علاقوں میں عملہ وسامان سیکیورٹی اداروں کی نگرانی میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سمندرپار پاکستانیز کے ووٹوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے تیارکردہ رپورٹ میں موقف اختیارکیا گیاہے کہ غیرمصدقہ کمپیوٹر نظام سے ووٹ کاحق دینا انتخابی عمل کیلیے تباہ کن ہوسکتا ہے۔




الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کو آن لائن نظام کے ذریعے ووٹ کا حق دینے کے لیے قانون سازی کی ضرورت ہے، جلدبازی میں کیاجانے والا فیصلہ انتخابات کی ساکھ متاثر کرسکتا ہے۔ ادھر ریٹرننگ افسروں کی طرف سے کاغذات نامزدگی منظور یامسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں جمع کرانے کے ساتھ عام انتخابات کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظوریا مسترد کیے جانے کے خلاف عام شہری بھی اعتراضات کرسکتے ہیں۔ یہ اپیلیں جمعرات تک جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ انتخابی ٹریبونلز ان اپیلوں پر اس مہینے کی17تاریخ تک فیصلے کریں گے۔ الیکشن کمیشن نے اپیلوں کی سماعت کے لیے چاروں صوبوں میں ہائیکورٹ کے ججوں کی سربراہی میں9ٹریبونلز پہلے ہی قائم کیے جاچکے ہیں۔ بلوچستان سے قومی اسمبلی کی 14نشستوں پر439کاغذات موصول ہوئے جن میں سے414منظور اور25مسترد ہوئے۔ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی51 نشستوں پر1648 فارم جمع جبکہ 1387منظور اور218مسترد ہوئے۔
Load Next Story