سینیٹ ارکان کی شاہ خرچیاں 98 لاکھ روپے دعوتوں پر اڑا دیے

سینیٹ سیکریٹریٹ نے فنانس اور اکاؤنٹس برانچ کو خط لکھ کر مزید ایک کروڑ روپے مانگ لیے ہیں


ویب ڈیسک March 30, 2018
سینیٹ سیکریٹریٹ نے فنانس اور اکاؤنٹس برانچ کو خط لکھ کر مزید ایک کروڑ روپے مانگ لیے ہیں (فوٹو: فائل)

سینیٹ اراکین نے شاہ خرچیاں کرتے ہوئے 98 لاکھ سے زائد روپے ضیافتوں پراڑا دئیے اور مزید خرچ کے لیے ایک کروڑ روپے مانگ لیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رضا ربانی نے سینیٹ سیکریٹریٹ کے لوگوں کو 28 لاکھ 50 ہزار روپے کا ظہرانہ دیا جب کہ راجہ ظفر الحق، مولانا عبدالغفور حیدری اور اعتزاز احسن نے بھی دل کھول کر شاہانہ دعوتیں دیں۔ فنڈز ختم ہونے پر سینیٹ سیکریٹریٹ نے فنانس اور اکاؤنٹس برانچ کو خط لکھ کر مزید ایک کروڑ روپے مانگ لیے ہیں۔

خط میں 6 مارچ سے 13 مارچ تک کی الوداعی تقریبات کے کھانوں کی تفصیلات ہوش اڑا دینے کے لیے کافی ہیں۔ 7 مارچ کو رضا ربانی نے سینیٹ سیکریٹریٹ کے تمام لوگوں کے لیے 28 لاکھ 50 ہزار روپے خرچ کرکے ظہرانہ دیا۔ 8 مارچ کو ایک عشائیے پر 19 لاکھ 90 ہزار روپے اڑا دئیے گئے۔

سینیٹ پبلیکیشنز کے لیے لنچ 12 لاکھ 62 ہزار روپے میں پڑا، سابق قائد ایوان راجہ ظفرالحق نے 6 مارچ کو سینیٹرز کے اعزاز میں 5 لاکھ 52 ہزار روپے خرچ کرکے عشائیہ دیا۔ ایسا ہی ایک عشائیہ سابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے اگلے روز 5 لاکھ 52 ہزار روپے خرچ کرکے سجایا۔

سابق قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے بھی سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ اتنی ہی رقم خرچ کرکے دیا۔ 12 مارچ کو سینیٹرز کے اعزاز میں ظہرانہ 2 لاکھ 25 ہزار روپے میں دیا گیا جب کہ 13 مار چ کو سینیٹ کے نئے عہدے داروں کی حلف برداری کی تقریب میں 1 لاکھ 75 ہزار روپے خرچ ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں