کے الیکٹرک سوئی سدرن کے واجبات جلد ادا کرے اویس لغاری

کراچی میں گرمی کی شدید لہرکے پیش نظر عوام کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے، وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن

نیپرا کراچی میں اضافی لوڈشیڈنگ پر نوٹس لے، سوئی سدرن اور کے الیکٹرک مالی تنازع حل کریں۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سرداراویس احمدخان لغاری نے کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے درمیان واجبات کی ادائیگی کے ایشوزکی وجہ سے بجلی کی پیداوار میں کمی کا نوٹس لے لیا۔

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیرپاور ڈویژن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ سوئی سدرن اور کے الیکٹرک واجبات کے معاملے کو ملکی قوانین کے مطابق حل کرنے کی کوشش کریںخاص طوراس وقت کراچی میں جو موجودہ گرمی کی شدید لہر آئی ہوئی ہے اس وقت معاملات کو افہام و تفہیم کے ساتھ حل کریں تاکہ کراچی کے عوام کو بجلی کی فراہمی ممکن ہوسکے۔


اویس احمد خان لغاری نے کے الیکٹرک حکام پر زور دیاہے کہ وہ سوئی سدرن کے واجبات کی جلد ادائیگی ممکن بنائے اور اس ضمن میں لوگوں کی سہولت کے پیش نظر تمام ممکنہ اقدامات عمل میں لائے جائیں۔ وفاقی وزیر نے زور دیاکہ نیپرا کراچی میں اضافی لوڈشیڈنگ پر نوٹس لیتے ہوئے اپنا کردار ادا کریں۔ کے الیکٹرک اور سوئی سدرن اپنے کمرشل معاملات کو متعلقہ فورم پر حل کریں اور کراچی کے عوام کو ان معاملات کا خمیازہ نہ بھگتنے دیں۔

وفاقی وزیر نے مزید کہاکہ حکومت پاکستان کے الیکٹرک کے مقرر کردہ کوٹے کے مطابق پوری بجلی فراہم کررہی ہے وفاقی حکومت کراچی کے عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور اس ضمن میں نیپرا سے درخواست کر رہے ہیںکہ وہ ان حالات کا فوری طور پر نوٹس لے اور ایسے اقدامات کرے کہ صورت حال فوری طور پر کنٹرول میں آئے۔

 
Load Next Story