ویمنز کرکٹ سری لنکا نے پاکستانی فتوحات کو بریک لگا دیے

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں گرین شرٹس72 پر ڈھیر، 8 پلیئرز دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں


Sports Reporter March 31, 2018
میزبان ٹیم نے 3 وکٹ پر ہدف حاصل کرلیا، آج فیصلہ کن مقابلہ۔ فوٹو : فائل

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی فتوحات کو بریک لگ گئے جب کہ سری لنکا نے دوسرے ٹوئنٹی20 میچ میں 7 وکٹ سے کامیابی سمیٹ کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی۔

ایک روزہ سیریز کے بعد ابتدائی ٹوئنٹی20 میچ میں بھی فتح سمیٹنے والی پاکستان ویمنز ٹیم کوگذشتہ روز ناکامی کا منہ دیکھنا پڑ ہی گیا، 3 میچوں پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم کو سری لنکن کے ہاتھوں 7 وکٹوں سے عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ بری طرح فلاپ ہوئی اور پوری ٹیم صرف72 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی، گرین شرٹس کی ناکام بیٹنگ کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ8پلیئرز ڈبل ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کوترجیح دی، کپتان بسمعہ معروف کا یہ فیصلہ اس وقت غلط ثابت ہوا جب پلیئرز نے ایک، ایک کر کے پویلین لوٹنا شروع کردیا، ناہیدہ خان اور سدرہ امین نے ٹیم کو 16 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم اسی مجموعے پر سدرہ امین صرف 10 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھیں، بعد ازاں ناہیدہ نے کپتان بسمہ معروف کے ساتھ مل کر ٹیم کے اسکور کو 37 رنز تک پہنچایا، پھر اسی اسکور پر ناہیدہ خان بھی 5 رنز بنا کر سری وردنے کی گیند پر آئوٹ ہو گئیں۔

بعد ازاں پاکستان ٹیم کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرنا شروع ہو گئیں اور پوری ٹیم 18.4 اوورز میں صرف 72 رنز پر ہمت ہار گئی۔ثنا میر 13رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ جویریہ خان نے 3، ندا ڈار 4، کائنات امتیاز ایک، فریحہ محمود 5 اور ڈیانا بیگ 3 رنز بنا سکیں، نشری سندھو اور غلام فاطمہ کوکھاتہ کھولنے کا موقع نہیں ملا۔

سری لنکن ٹیم کی طرف سے سری وردنے خطرناک موڈ میں دکھائی دیں، انھوں نے 3.4 اوورز میں صرف 9 رنز دے کر 4پلیئرز کا شکار کیا، کماری نے 2 جبکہ پربودھنی، راناسنگھے نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان ٹیم کی بیٹنگ کی طرح بولنگ بھی بری طرح ناکام رہی اور میزبان ٹیم نے ہدف 14.2 اوورز میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا، سنیجوانی اور وینڈورٹ نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اور بالترتیب 20 اور 19 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، مینڈس نے11اور سری وردنے نے 6 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے نشریٰ سندھو اور ندا ڈار نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے تین ون ڈے میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تھا جبکہ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ایک وکٹ سے فتح حاصل کی تھی، سیریز 1-1 سے برابر رہنے کے بعد اب فیصلہ ہفتے کو شیڈول تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں ہو گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں